دیوالی سے قبل دہلی میں ہر طرف سکیورٹی بڑھا دی گئی

   

نئی دہلی ، 26 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دیوالی سے قبل سکیورٹی اقدامات کے تحت دہلی میں بڑی تعداد میں بازاروں اور دیگر ہجوم والے علاقوں میں پولیس پرسونل کی تعیناتی بڑھا دی گئی ہے اور مجموعی طور پر ساری ریاست دہلی میں سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے، عہدیداروں نے یہ بات کہی۔ ذرائع کے مطابق دہلی پولیس کمشنر امولیا پٹنائک نے تمام سینئر افسران کو اپنے متعلقہ علاقوں میں انسداد دہشت گردی کے اقدامات میں کو ٹھوس بنانے کی ہدایت دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ایسٹ) جسمیت سنگھ نے کہا کہ غازی پور مارکیٹ میں اضافی فورس متعین کردی گئی اور اس علاقے میں طلایہ گردی میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس (سدرن رینج) دیویش سریواستو کے مطابق جنوبی دہلی کے تمام سینئر پولیس آفیسرز بشمول ڈی سی پی اور ایڈیشنل ڈی سی پی اس ضلع میں پٹرولنگ کررہے ہیں۔