دیوالی پر77 افراد کی آنکھیں پٹاخوں سے زخمی

   

حیدرآباد ۔28اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) شہر میں دیوالی کے جشن اور مختلف موقعوں پر پٹاخے جلانے کے دوران درجنوں افراد کی آنکھیں زخمیہوئیں، جو دواخانوں سے رجوع ہوئے ہیں، ذرائع نے پیر کویہ بات کہی ۔ سرکاری زیر انتظام سروجنی دیوی آئی ہاسپٹل نے 44 افراد کی آنکھوں کے زخموں کا علاج کیا جب کہ ایل وی پرساد آئی انسٹی ٹیوٹ میں 33 افراد کا علاج کیا گیا ۔ سروجنی دیوی ہاسپٹل کے عہدیدار نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ وہاں سے رجوع ہوئے 44 افراد میں سے 7 کو شریک کرلیا گیا کیونکہ ان کی حالت تشویشناک ہیں ۔ اُن 7میں سے 3کی سرجری کی جاچکی ہے اور بقیہ چار کے تعلق سے اسکیاننگ کے بشمول مختلف ٹسٹ کرنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ 44 مریض اتوار کی دوپہر اور پیر کی صبح کے درمیان دواخانہ سے رجوع ہوئے۔ایل وی پرساد انسٹی ٹیوٹ میں 33 کے منجملہ 29 کا آؤٹ پیشنٹ کے طور پر علاج کیا گیا جب کہ بقیہ کو آنکھ کی پتلی کو نقصان پہنچنے کی بناء سرجری کی ضرورت پیش آئی ۔ ایل وی پرساد انسٹی ٹیوٹ کے ذرائع نے بتایا کہ زیادہ تر مریض جن کا علاج ہوا وہ پٹاخے جلاتے وقت قریب میں کھڑے ہوکر مشاہدہ کررہے تھے ۔ تاہم اچھی بات یہ ہے کہ کسی کی بھی بصارت سے محرومی کا اندیشہ نہیں ہے۔