دیوالی کے بعد آئی ٹی کا ورک فرم ہوم کلچر ختم

   

Ferty9 Clinic

دفاتر میں حاضری لازمی ، ملازمین کی ٹیکہ اندازی مکمل ، محکمہ آئی ٹی کا کمپنیوں سے بات چیت کے بعد فیصلہ
حیدرآباد۔27اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں دیوالی کے بعد انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے گھر سے کام کرنے کے کلچر کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اورکہا جا رہاہے کہ ریاست میں خدما ت انجام دینے والی بیشتر سرکردہ کمپنیو ںکی جانب سے اپنے ملازمین کو اس بات سے مطلع کیا جاچکا ہے کہ انہیں دیوالی کے بعد سے گھر سے کام کاج بند کرتے ہوئے دفتر میں حاضری لازمی کردی گئی ہے۔ محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے کمپنیوں کے عہدیداروں سے مختلف مواقع پر کئے جانے والے مذاکرات کے بعد ٹیکہ اندازی کی مہم کو تیز کرتے ہوئے آئی ٹی کمپنیوں میں خدمات کے آغاز کو یقینی بنایا گیا تھا لیکن اس کے باوجود کمپنیو ںکے ذمہ داروں کی جانب سے ملازمین کو اس بات کا اختیار دیا گیا تھا کہ وہ اپنے گھر سے بھی کام کرسکتے ہیں علاوہ ازیں جن ملازمین کی خدمات دفاتر میں ضروری تھی انہیں ایک دن یا دو دن کے وقفہ سے طلب کیا جارہا تھا اور بعض کمپنیوں کی جانب سے 50 فیصد ملازمین کو دفتر طلب کیا جانے لگا تھا تاہم گذشتہ دنوں شہر حیدرآبادکے علاوہ میڑچل ‘ رنگاریڈی اور دیگر پڑوسی اضلاع میں موجود کمپنیوں کے ذمہ داروں نے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے عہدیداروں کو بتایا کہ وہ مکمل تعداد کے ساتھ خدمات کو بحال کرنے کی حکمت عملی تیار کر رہے ہیں اور توقع ہے کہ دیوالی کے فوری بعد سے آئی ٹی کمپنی ملازمین کی خدمات دفتر سے شروع کردی جائیں گی۔ بتایاجاتا ہے کہ مکمل عملہ کی دفتر طلبی کے سلسلہ میں کئے گئے فیصلہ سے کمپنی کے ذمہ داروں نے اپنے اعلیٰ عہدیداروں کو واقف کروادیا ہے اور کمپنیوں کے صدر دفاتر سے اس بات کی اجازت دی جاچکی ہے کہ مقامی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد عملہ کی دفتر طلبی کے اقدامات کئے جائیں لیکن تمام دفاتر میں ٹیکہ اندازی کا عمل مکمل کرنے والے ملازمین کو ہی دفتر میں داخلہ کی اجازت فراہم کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیوں میں خدمات انجام دینے والے 80 فیصد سے زیادہ ملازمین کی ٹیکہ اندازی کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور مابقی ملازمین میں بھی بیشتر ملازمین نے پہلی خوراک حاصل کرلی ہے ۔ دیوالی کے بعد گھر سے کام کاج کے کلچر کے خاتمہ کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ ریاست میں صورتحال مجموعی طور پر معمول کے مطابق ہے اسی لئے آئی ٹی کمپنیوں کی جانب سے یہ اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔م