رتلام : مدھیہ پردیش کے رتلام ضلع میں دیوالی کی رات دو موٹرسائیکلوں کی ٹکر میں چار نوجوانوں کی موت ہوگئی جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو یہاں ضلع اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے ۔پولس نے بتایا کہ 35 سالہ پنکج، 19 سالہ وکرم دھنوکا، 28 سالہ راہل اور 24 سالہ اجے سنیچرکی رات ایک بائک پر سوار ہوکر گرام بانگرود سے دھموتر جارہے تھے ۔ تبھی بانگرود میں واقع گوشالہ کے نزدیک سامنے سے آرہی بائیک سے ان کی بائیک کی زبردست ٹکر ہوگئی۔ اس سے پنکج اور وکرم کی موت ہوگئی۔ راہل اور اجے زخمی ہوگئے ۔ انہیں اسپتال میں بھرتی کرایا گیا جہاں راہل نے دم توڑ دیا۔ اجے کی حالت سنگین ہونے سے اسے اسپتال میں بھرتی کرایا گیاہے ۔ وہیں دوسری بائیک پر سوار اکیس سالہ دپیک پرجاپتی کی بھی موت ہوگئی اور اس کا ساتھی بیس سالہ جیون سنگین طور سے زخمی ہوگیا ہے ۔دوسرا واقعہ سیلانا تھانہ علاقے میں پیش آیا۔ سیلانا تھانہ کے دیویل۔کھوکھرا مارگ پر ہفتہ کی شام بائیک نے سائیکل کو ٹکر ماردی۔ اس سے سائیکل سوار ساٹھ سالہ رمیش چندر سنگین طور سے زخمی ہوگئے ۔ انہیں ضلع اسپتال میں بھرتی کرایا گیا۔ صورت حال سنگین ہونے پر اندور بھیجا جارہا تھا تبھی انہوں نے دم توڑ دیا۔
