دیوالی کے معنی دہشت گردی کا خاتمہ ، کرگل نے اس کو ممکن بنایا

   


کرگل میں فوجیوںکے ساتھ دیوالی منانے کے بعد وزیراعظم مودی کا خطاب

سرینگر ؍ کرگل: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز کرگل میں فوجی جوانوں کے ساتھ دیوالی کا تہوار منانے کے دوران کہا کہ دیوالی دہشت گردی کے خاتمے کا تہوار ہے جس کو کرگل نے ممکن بنایا ہے ۔ وزیر اعظم پیر کی صبح دیوالی کا تہوار فوجی جوانوں کے ساتھ منانے کے لئے کرگل پہنچے۔ انہوں نے فوجی جوانوں سے اپنے خطاب کے دوران کہاکہ آپ اب برسوں سے میرے خاندان کا حصہ ہیں اور کرگل میں بہادر جوانوں کے ساتھ دیوالی منانا میرے لئے اعزاز ہے۔ انھوں نے کہاکہ فورسز بھارت کے تحفظ کا ایک ستون ہیں، میں اس کرگل کی فتح یاب سرزمین سے ملک کے عوام اور دنیا کو دیوالی کے تہوار کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ایک بھی ایسی جنگ نہیں ہوئی جب کرگل نے فتح کا جھنڈا نہ لہرایا ہو۔ انہوں نے کہاکہ دیوالی کا معنی ’آتنک کا خاتمہ‘ ہے اور کرگل نے اس کو ممکن بنایا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ کرگل میں ہمارے فورسز نے دہشت گردی کو کچل دیا ، خوش قسمتی سے میں اس کا چشم دید گواہ ہوں، یہاں مجھے میرے پرانے فوٹو دکھائے گئے جس کے لئے میں ان کا مشکور ہوں۔ وزیر اعظم مودی سال 2014 ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد دیوالی کا تہوار مختلف علاقوں میں فوجی جوانوں کے ساتھ مناتے رہے ہیں ۔ انہوں نے سال 2019 ء میں جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول پر فوجی جوانوں کے ساتھ دیوالی کا تہوار منایا۔قبل ازیں وزیر اعظم مودی فوجی جوانوں کے ساتھ دیوالی کا تہوار منانے کے لئے پیر کی صبح کرگل پہنچے ۔دیوالی کا تہوار ہر سال ملک بھر میں منایا جا رہا ہے ۔ یہ پانچ روزہ تہوار ہے جسے ہندو، سکھ اور جین برادری کے لوگ مناتے ہیں۔ اس تہوار کو روشنیوں کے تہوار کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ۔