دیوالی کے پیش نظر فائر ڈپارٹمنٹ کو چوکسی کی ہدایت

   

حیدرآباد۔ 30 اکتوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس اینڈ فائر ڈپارٹمنٹ نے دیوالی تہوار کے پیش نظر ریاست بھر میں محکمہ کے عملہ کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے تاکہ آتش بازی یا لائٹنگ کے باعث کسی بھی حادثہ سے فوری طور پر نمٹا جاسکے۔ فائر کنٹرول روم میں کام کرنے والے آفیسرس کے علاوہ اسٹیشنس پر کام کرنے والوں کی رخصت کی درخواستوں کو منسوخ کردیا گیا ہے اور انہیں 24 گھنٹے چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔رہائشی علاقوں اور تجارتی اداروں کے علاوہ کمپنیوں کے بشمول مختلف مقامات سے کال وصول ہونے پر فوری ردعمل ظاہر کرنے کو کہا گیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ آتش بازی یا شارٹ سرکٹ، برقی بلب یا موم بتی جلانے کی صورت میں ہونے والے حادثات سے نمٹنے کے لئے تفصیلی عمل آوری منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور تمام فائر اسٹیشنوں کو اس سے آگاہ کیا گیا ہے۔