دیور بھاوج کی عاشقی کا المناک انجام

   

حسن آباد میں عاشق جوڑے کی اجتماعی خودکشی

حسن آباد /13 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حسن آباد پولیس سب ڈیویژن میں شامل چیریال پولیس سرکل کے تحت موضع ویرناپیٹ منڈل چیریال میں آج ایک دیرینہ عاشق جوڑے کی اجتماعی خودکشی کا واقعہ پیش آیا ۔ تفصیلات کے بموجب مدور منڈل کے موضع کوٹی گلی کی 25 سالہ اشونی کی شادی پی پربھاکر نامی نوجوان سے 2010 میں ہوئی تھی ۔ تاہم کچھ وقفہ کے بعد وہ اپنے دیور 21 سالہ راما کرشنا سے یکطرفہ محبت کرتے ہوئے اسے اپنے دام الفت میں گرفتار کرلیا تھا ۔ جس کے نتیجہ میں دونوں میں ناجائز تعلقات قائم ہوکر اجتماعی خودکشی کرلینے تک باقی رہے ۔ اس ضمن میں متعدد بار ارکان خاندان نے دونوں کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر کافی سمجھایا ۔ تاہم دونوں آپس میں گہری محبت کرتے ہوئے ساتھ جینے و ساتھ مرنے کی کھلے عام قسم کھائی تھی ۔ دیور بھاوج کا مذکورہ عاشق جوڑا اپنے ارکان خاندان کی مخالفت و دور رکھنے سے برہم ہوکر 18 نومبر 2019 کو موضع ویرنا پیٹھ سے اچانک لاپتہ ہوگیا ۔ اس ضمن میں 19 نومبر کو پی پربھاکر نے اپنی بیوی کی گمشیدگی کی چیریال پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ۔ مذکورہ لاپتہ جوڑا اچانک دوبارہ اپنے آبائی مکان 11 ڈسمبر کے رات واپس پہونچکر اپنی زرعی باؤلی کے پاس روپوش ہوگیا ۔ دیور بھاوج عاشق جوڑے کی واپسی کی اطلاع پر چیریال پولیس و مقامی عوام نے بات چیت کیلئے مدعو کرنے کی غرض سے پی پربھاکر کی باولی کے پاس پہونچے تاہم تب تک وہ عاشق وہاں سے فرار ہوکر موضع چنچنہ کوٹ کی پہاڑیوں میں پناہ لی ۔ آج صبح 6 بجے دوبارہ اپنی زرعی باولی پہونچکر بھاری مقدار میں کیڑے مار دوا پی کر اجتماعی طور پر خودکشی کرلی ۔ نیز برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ صبح 11 بجے حسب معمول پی پربھاکر کی والدہ نے زرعی باؤلی پہونچ کر دیکھا تو دونوں کی نعشیں موجود تھیں ۔ فوری انہوں نے اپنے ارکان خاندان و چیریال پولیس کو مطلع کیا سب انسپکٹر چیریال موہن بابو نے بعد پنچنامہ و ضابطے کی کارروائی کے بعد نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم چیریال دواخانے کو روانہ کیا ۔ نیز اس ضمن میں کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کرنے و موضع ویرنا پیٹ منڈل چیریال میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ ہونے و حفظ ماتقدم کے تحت بھاری مسلح پولیس کو تعینات کرنے کا اعلان کیا ۔