صدر تلنگانہ جاگروتی کویتا کا دورہ ، طلبہ سے ملاقات ، ریزروائر متاثرین کی بھی فریادرسی
نلگنڈہ۔11نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے ڈنڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے تحت قائم کشتریانی پلّی اور شیوانا گوڑم ریزروائر کے متاثرہ دیہاتوں کا دورہ کیا اور مقامی عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر متاثرین نے اپنی مشکلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اراضی فراہم کرنے کے باوجود وہ تاحال معاوضہ اور بازآبادکاری سے محروم ہیں۔ کویتا نے ان کی فریاد غور سے سنی اور یقین دلایا کہ انہیں انصاف دلانے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔رکن قانون ساز کونسل کی کویتا نے کہا کہ وہ چار نکاتی مطالبات کے ساتھ یہاں آئی ہیں جن میں متاثرین کے لئے مناسب معاوضہ مستقل رہائش ماہانہ مالی امداد اور پراجکٹ کی فوری تکمیل شامل ہے۔بعد ازاں صدر تلنگانہ جاگرو تی نے دورہ کیا اور کہا کہ دیورکنڈہ کے ایس ٹی بوائز ہاسٹل کی ابتر حالت نے طلبہ اور والدین دونوں کو شدید تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ حالیہ موسلا دھار بارش کے دوران ہاسٹل کے احاطہ میں گہرے پانی بھر جانے سے طلبہ کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ہاسٹل ایک نشیبی علاقے میں واقع ہے جہاں اسکول کی کوئی حفاظتی دیوار موجود نہیں۔ طلبہ کے لئے نہ تو مناسب کلاس روم ہیں اور نہ ہی مطالعہ کے لیے الگ عمارت بچے اسی کمرے میں پڑھنے پر مجبور ہیں جہاں وہ رات گزارہیں ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف افسوسناک بلکہ نظام تعلیم پر سوالیہ نشان ہے۔صفائی کے ناقص انتظامات نے بھی بچوں کی صحت کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ اطلاع کے مطابق ہاسٹل اور اسکول کے لیے مختص 5 ایکڑ اراضی میں سے تقریباً 2 ایکڑ پر ناجائز قبضہ کیا گیا ہے۔ عوامی نمائندوں اور ذمہ داروں نے ضلع کلکٹر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر مکمل سروے کرائیں قبضہ جات کو ہٹایا جائے اور اسکول کی حدود میں کمپاؤنڈ وال تعمیر کی جائے تاکہ طلبہ محفوظ ماحول میں تعلیم حاصل کرسکیں۔