دبئی: تصویر میں دکھائی دینے والی عمارت ایک ایسی دیوقامت آنکھ کی طرح نظر آتی ہے جس کے سفید حصے پر عربی خطاطی کردی گئی ہو لیکن دراصل یہ دبئی کے بیچوں بیچ ’’متحف المستقبل‘‘ یعنی ’’مستقبل کے عجائب گھر‘‘ کی عمارت ہے۔اس عمارت کی مختلف منزلیں ہیں جہاں آپ مستقبل کی دنیا کے بارے میں جان سکتے ہیں۔ اس کی ایک منزل بچوں کیلئے مخصوص ہے جس میں خوبصورت اینی میشنز اور آسان معلومات کے ذریعہ مستقبل کی سائنس اور ٹیکنالوجی کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، ورچوئل رئیلیٹی چشمے پہنچ کر وہ بچے ایمیزون کے بارانی جنگلات کی سیر بھی کرسکتے ہیں۔ ویسے اس منزل سے بڑی عمر کے لوگ بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔عمارت کے بیرونی حصے پر عربی خطاطی دیکھ کر گمان ہوتا ہے کہ شاید یہ قرآنِ پاک کی آیتیں ہیں لیکن درحقیقت یہ دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کے اقوالِ زریں ہیں جنہیں مشہور خطاط مطر بن لاحج نے یہ خوبصورت شکل دی ہے۔