دیویندر گوڑ کے فرزند کی تلگو دیشم سے علحدگی

   

حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : تلگو دیشم پارٹی کے سینئیر ترین قائد رکن پولیٹ بیورو و سابق وزیر مسٹر ٹی دیویندر گوڑ کے فرزند تلگو دیشم پارٹی کے نوجوان لیڈر مسٹر ٹی ویریندر گوڑ نے تلگو دیشم پارٹی سے علحدگی اختیار کرلی اور پارٹی سے اپنا استعفیٰ دیتے ہوئے تلگو یووتا کے صدارتی عہدے سے بھی مستعفی ہوگئے اور اپنا مکتوب استعفیٰ قومی صدر تلگو دیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو روانہ کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ محض تلگو دیشم پارٹی کے ریاست تلنگانہ میں پائے جانے والے کمزور موقف کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی سیاسی مفادات کے حصول کے لیے مسٹر ویریندر گوڑ 3 اکٹوبر کو قومی بی جے پی کے کارگزار صدر مسٹر نڈا کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے ۔ سینئیر قائد تلگو دیشم پارٹی و سابق وزیر مسٹر ٹی دیویندر گوڑ کے فرزند مسٹر ویریندر گوڑ نے مرحلہ وار اساس پر تلگو دیشم پارٹی میں مختلف عہدوں پر فائز رہے لیکن تلگو دیشم پارٹی میں رہنے تک رکن اسمبلی منتخب ہونے کا مسٹر ویریندر گوڑ اپنا خواب پورا نہیں کرسکے اور خود مسٹر دیویندر گوڑ نے اپنے سیاسی وارث کے طور پر فرزند ویریندر گوڑ کو رکن اسمبلی بنانے کی مکمل کوشش کی تھی لیکن مسٹر دیویندر گوڑ کو ان کوششوں میں کامیابی حاصل نہیں ہوسکی ۔ سال 2014 میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں مسٹر ویریندر گوڑ نے حلقہ اسمبلی اوپل سے انتخابی مقابلہ کرنے پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن پارٹی ٹکٹ حاصل نہیں ہوسکا ۔ تاہم گذشتہ سال منعقدہ اسمبلی انتخابات میں بالاخر مسٹر ویریندر گوڑ کو حلقہ اسمبلی اوپل سے تلگو دیشم پارٹی کا ٹکٹ دیا گیا لیکن انہیں انتخابات میں ناکامی سے دوچار ہونا پڑا تھا ۔۔