دیویکا سہاگ نے تھائی لینڈ ماسٹرز جیت کر تاریخ رقم کی

   

بنکاک ،یکم فروری (یو این آئی) ہندوستان کی 20 سالہ بیڈمنٹن سنسنی دیویکا سہاگ نے دنیا کو اپنی صلاحیتوں کا معترف کر لیا۔ تھائی لینڈ ماسٹرز 2026 کے فائنل میں ملائیشیا کی معروف کھلاڑی گوہ جن ویئی کو شکست دے کر انہوں نے اپنا پہلا بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور سوپر 300 خطاب اپنے نام کر لیا ہے پورے ٹورنامنٹ کے دوران انہوں نے ایک بھی گیم نہیں ہارا۔ ان کی اس یادگار مہم کا سب سے بڑا لمحہ کوارٹر فائنل میں آیا جہاں انہوں نے ٹاپ سیڈ کھلاڑی سپانیڈا کائتھونگ کو ہرا کر سب کو حیرت میں ڈال دیا۔فائنل میں دیویکا کا مقابلہ یوتھ اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور دو بار کی جونیئر ورلڈ چیمپئن گوہ جن ویئی سے تھا۔پہلے گیم میں دیویکا نے حریف کھلاڑی کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور 21-8 سے شاندار کامیابی حاصل کی۔دوسرے گیم میں جب دیویکا 6-3 سے برتری حاصل کر چکی تھیں، گوہ انجری کے باعث میچ سے دستبردار ہو گئیں، یوں دیویکا نے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔اس فتح کے ساتھ ہی دیویکا سہاگ نے ایک ایسا سنگِ میل عبور کیا ہے جو ان سے قبل صرف دو ہندوستانی خواتین نے حاصل کیا تھا۔ وہ سپر 300 ویمنز سنگلز خطاب جیتنے والی تیسری ہندوستانی خاتون بن گئی ہیں۔ اب ان کا نام بیڈمنٹن کی لیجنڈز پی وی سندھو اور سائینہ نہوال کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے ۔