دیوے گوڑا کا پوتا پراجول ریونا سیکس اسکینڈل میں ملوث

,

   

مودی نے ریونا کے ساتھ اسٹیج شیئر کیا ، وزیراعظم کو جواب دینا چاہئے : کانگریس

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جنتا دل (سیکولر) کے امیدوار اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی کے پوتے پراجول ریونا کے ساتھ انتخابی اسٹیج شیئر کرکے ملک کی خواتین کی توہین کی ہے اس لئے انہیں اس کا جواب دینا چاہئے ۔ کرناٹک کی ہاسن سیٹ سے لوک سبھا کے امیدوار ریونا پر جنسی استحصال کاسنگین الزام ہے ۔ کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پراجول ریونا ہاسن سیٹ سے ایم پی ہیں اور وہ دیوے گوڑا کے پوتے اور ’مودی پریوار‘ کا حصہ ہیں۔ پرجوال ریونا نے سینکڑوں خواتین کی زندگیاں برباد کر دیں اور پیر کو ملک چھوڑ کر بھاگ گیا۔کانگریس کی ترجمان نے کہا کہ پراجول کی ہزاروں فحش ویڈیوز وائرل ہیں، جن میں وہ ہر عمر کی خواتین کا جنسی استحصال کر رہاہے ۔ ان خواتین میں پارٹی کارکن، گھر کے اندر کام کرنے والی خواتین، ممبران پارلیمنٹ اور ضلع پنچایت کی خواتین شامل ہیں۔ترجمان نے کہا کہ مودی پراجول کی بربریت سے واقف تھے اس کے باوجود انہوں نے انہیں اپنا مشترکہ امیدوار بنایا۔ اس کے ساتھ اسٹیج شیئر کیا، اس کی تعریف کی، اس کی پیٹھ پر تھپکی دی اور اس کیلئے ووٹ مانگے ۔ سپریہ نے دعویٰ کیا کہ مودی پراجول کے بارے میں سب کچھ جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2023 میں بی جے پی کے لیڈر دیوراج گوڑا نے مودی اور امیت شاہ کو خط لکھ کر پراجول ریونا کے پین ڈرائیو اور جنسی استحصال کے بارے میں آگاہ کیا تھا اور جب امیت شاہ نے کرناٹک کا دورہ کیا تھا، تب بھی انہیں امیدوار بنانے سے انکار کر دیا تھا۔ سابق رکن اسمبلی پریتم گوڑا سمیت بی جے پی کارکنوں نے پراجول ریونا کو ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا لیکن سب کچھ جاننے کے باوجود مودی نے انہیں ہاسن سیٹ سے امیدوار بنایا ، جب کرناٹک ویمن کمیشن نے اس معاملے کا نوٹس لیا اور جب خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تو پراجول ملک سے فرار ہو گیا ۔کانگریس کی ترجمان نے اس معاملے میں مودی سے جواب دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس درندے کو اپنا مشترکہ امیدوار کیوں بنایا اور مودی ہر بار خواتین کے خلاف جرائم کرنے والوں کے ساتھ کیوں کھڑے ہوتے ہیں۔ خواتین اور بچوں کی بہبود کی وزیر اسمرتی ایرانی اور خواتین کمیشن کی چیئرپرسن ریکھا شرما اس معاملے پر خاموش کیوں ہیں؟ میڈیا میں اس معاملے پر کوئی بات نہیں ہو رہی ہے ، ہر طرف خاموشی ہے ۔