بھنڈ۔ 30اگست (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے ضلع بھنڈ میں انسانیت کو شرمسار کرتے ہوئے کچھ گاؤں والوں نے نہ صرف ایک دیوہیکل کچھوے کا شکار کیا بلکہ اس کا گوشت نکال کر اجتماعی دعوت کا بھی اہتمام کیا۔ اس واقعہ سے متعلق ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اب محکمہ جنگلات نے جانچ کی بات کہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق لہار علاقے کے سکری جاگیر گاؤں کے کچھ دیہاتیوں نے 28 اگست کو ایک بڑے کچھوے کو بے رحمی سے کلہاڑی سے کاٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ وائرل ویڈیو میں صاف دکھائی دے رہا ہے کہ کچھوا بار بار اپنے خول میں چھپ کر جان بچانے کی کوشش کرتا رہا، لیکن کچھ لوگ اسے سڑک پر پٹخ کر ڈنڈوں اور کلہاڑی سے وار کرتے رہے ۔ کچھوے کو مارنے کے بعد اس کا گوشت نکال کر دیہاتیوں نے اجتماعی دعوت اڑائی۔ ویڈیو سامنے آتے ہی بھنڈ انسانیت گروپ کے کارکن سرگرم ہو گئے ۔ انہوں نے اسے وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی درندگی نہ صرف قانون کے خلاف ہے بلکہ سماج کو بھی شرمسار کرتی ہے ۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد محکمہ جنگلات کے رینجر بسنت شرما نے کہا کہ آج ٹیم گاؤں پہنچ کر جانچ کرے گی۔ جانچ میں یہ پتہ لگایا جائے گا کہ اس جانور کے قتل میں کون لوگ شامل تھے ۔
اس کے بعد قصورواروں کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔