حیدرآباد ۔ 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) دیپاولی تہوار کے پیش نظر حیدرآباد کی سائبرکرائم پولیس نے عوام الناس سے آن لائن دھوکہ دہی سے بچنے کیلئے چوکسی اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ دیوالی کا تہوار جو آئندہ ہفتہ منایا جائے گا اس موقع پر سوشل میڈیا کے ذریعہ ایسے کئی اقسام کے اشتہارات رونما ہورہے ہیں جن میں بھاری ڈسکاونٹ کی پیش کش اور آفرس وغیرہ دئے جارہے ہیں۔ اس تہوار کا فائدہ اٹھا کر سائبر دھوکہ باز ای کامرس پورٹل کے ذریعہ موبائیل فونس پر اے پی کے فائلس بھیج کر اور ایسے مشکوک لنکس بھیج رہے ہیں جن پر کلک کرنے سے فون ہیک ہوجاتا ہے۔ سائبرکرائم پولیس نے عوام کو اس بات سے آگاہ کیا ہیکہ سائبر دھوکہ باز گفٹ آفر اور لکی ڈرا کے میسیج بھی روانہ کررہے ہیں اور دیوالی کا انعام حاصل کرنے کیلئے بینک اور کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے دھوکہ دے رہے ہیں۔ اسی طرح سوشل میڈیا ایڈورٹائزنگ اسکام کے ذریعہ بھی عوام کو راغب کیا جارہا ہے۔ پولیس کمشنر حیدرآباد نے ایک کیس کے بارے میں تفصیلات فراہم کی ہیں جس میں سکندرآباد سے تعلق رکھنے والی 29 سالہ خاتون کو دھوکے بازوں نے شاپنگ سائیٹ کے ذمہ دار ظاہر کرتے ہوئے کال کیا اور یہ دعویٰ کیا کہ وہ ایسے پانچ گاہکوں میں ہے جسے اسپیشل گفٹ آفر کے ذریعہ نامزد کیا گیا ہے اور تحفہ حاصل کرنے کیلئے 5 ہزار روپئے ادا کرنے ہوں گے اور بعدازاں اس کا اسکرین شارٹ بھیجنا ہوگا۔ خاتون نے تحفہ حاصل کرنے کیلئے جی ایس ٹی اور دیگر اخراجات کے نام پر ایک لاکھ 40 ہزار روپئے دھوکے بازوں کے حوالے کئے اور بعدازاں اسے پتہ چلا کہ یہ ایک منظم دھوکہ دہی ریاکٹ ہے جس کا وہ شکار ہوئی ہے۔ اسی طرح فرضی بلنکٹ کسٹمر کیئر کا نمبر گوگل پر حاصل کرنے کے بعد اعظم پورہ سے تعلق رکھنے والے 69 سالہ معمر شخص کو دھوکہ دیتے ہوئے سائبر دھوکے بازوں نے ان کے فون کو ہیک کرتے ہوئے ایک لاکھ 2 ہزار روپئے کی رقم اڑا لی۔ پولیس کمشنر حیدرآباد نے عوام کو یہ مشورہ دیا ہیکہ تہواروں کا سیزن ہونے کے پیش نظر کئی دھوکے باز مختلف آفرس کا لالچ دیکر اس کے ذریعہ عوام کو رجھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ایسے دھوکہ بازوں سے بچنا ضروری اور چوکسی اختیار کرنا ضروری ہے۔ ب