دیپک پونیا کی اولمپک میں رسائی

   

نور سلطان (قازقستان) 21 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جونیر ورلڈ چمپئن دیپک پونیا ایسے چوتھے ہندوستانی ریسلر بنے ہیں جنھوں نے آئندہ برس ٹوکیو میں منعقد شدنی اولمپکس میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ پہلی مرتبہ سینئر ورلڈ چمپئن شپ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے دیپک نے یہاں منعقدہ سیمی فائنل مقابلے میں کولمبیا کے ریسلر کارلوس آرتورو کو مسابقتی مقابلے میں سنسنی خیز لمحات کے بعد 7-6 کی شکست دی۔ مقابلے کے اختتام میں جب صرف ایک منٹ باقی تھا اور ایسے لمحات میں دیپک اپنے حریف سے 3-6 کے اسکور سے پیچھے تھے لیکن آخری ایک منٹ میں اُنھوں نے 4 نشانات حاصل کرتے ہوئے مقابلے کو سنسنی خیز انداز میں 7-6 کے ذریعہ اپنے حق میں کیا۔ فائنل میں رسائی کی وجہ سے دیپک اب اولمپک میں بھی داخلہ حاصل کرچکے ہیں۔ ورلڈ چمپئن شپ میں اب اِن کا گولڈ میڈل کے لئے مقابلہ سوئزرلینڈ کے اسٹیفن ریچومٹ سے ہوگا۔ علاوہ ازیں راہول اویر نے بھی بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے 61 کیلو غیر اولمپک زمرہ میں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ دونوں ہی ہندوستانی ریسلرس دیپک اور راہول نے سخت لمحات پر قابو پاتے ہوئے مقامی قازقستان کے ریسلروں کو سیمی فائنل میں شکست دی ہے۔ دیپک اُس فہرست میں شامل ہوچکے ہیں جہاں پہلے ہی ونیش پوگٹ اور روی دھیا نے اپنا نام درج کروالیا ہے اور اِس فہرست میں شامل ہونے والے ریسلرس آئندہ برس ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ علاوہ ازیں 79 کیلو زمرہ میں جیتندر کو کوارٹر فائنل میں معصوم قطاری کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی۔