دیکھو کون آیا… شیر آیا۔ شیر آیا

   

حیدرآباد۔/30 جنوری، ( سیاست نیوز) دیکھو دیکھو کون آیا، شیر آیا۔ شیر آیا۔ عام طور پر سیاسی جلسوں یا ریالیوں میں کسی مقبول عام قائد کی آمد پر یہ نعرہ سنائی دیتا ہے لیکن کھمم کے ستو پلی علاقہ میں ان دنوں شیر آیا کی گونج سنائی دے رہی ہے۔ جنگلاتی علاقہ سے ایک شیر آبادی میں داخل ہوگیا اور اس نے اپنے پنجوں کے نشان چھوڑ دیا جو عوام میں دہشت کا باعث بن چکے ہیں۔ ستو پلی کے کسٹا رام اور جگناتھ پورم فاریسٹ رینج کے علاقوں میں کئی مقامات پر شیر کی آمد کے نشان پائے گئے جس کی اطلاع جنگلاتی عہدیداروں کو دی گئی۔ جنگلات کے عہدیداروں نے پنجوں کا معائنہ کرتے ہوئے شیر کے دورہ کی تصدیق کی ہے۔ شیر کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے علاقہ میں کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ گاؤں والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ جنگل کے قریب بھی نہ جائیں۔ شیر کی ایک جھلک نے کئی گاؤں میں عوام کی نیند اُڑادی ہے اور لوگ اپنے بچوں اور جانوروں کے تحفظ پر توجہ مرکوز کرچکے ہیں۔ر