ریونت ریڈی کی کھمم کے بعد عادل آباد اور دیگر کئی اضلاع پر خصوصی توجہ
حیدرآباد۔24۔جون(سیاست نیوز) کانگریس نے کھمم میں استحکام کے بعد اب متحدہ عادل آباد پر اپنی توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کہا جار ہاہے صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی تمام جماعتوں میں موجود قائدین جو اپنی پارٹی سے ناراض ہیں انہیں کانگریس میں شامل کروانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریونت ریڈی نے عادل آباد کے علاوہ دیگر اضلاع بالخصوص کریم نگر‘ میدک اور ورنگل پر توجہ مرکوز کی ہے تاکہ ان اضلاع میں بھی کانگریس کو مستحکم کیا جاسکے۔ ریونت ریڈی پارٹی کے داخلی اختلافات کے باوجود سینئر قائدین سے مشاورت کے ذریعہ پارٹی کو تلنگانہ میں مستحکم کرنے کانگریس سے دیگر جماعتوں میں شامل قائدین کی گھر واپسی کروانے کی کوشش میں ہیں۔ بی آر ایس میں شامل ارکان اسمبلی جو کانگریس ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے اور اب بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کی کوشش میں تھے وہ بھی اب کانگریس سے رابطہ کرر ہے ہیں لیکن کانگریس قائدین کا کہناہے کہ اگر انہیں دوبارہ پارٹی میں شامل کیا جاتا ہے تو کانگریس کے ساتھ رہنے والے قائدین میں ناراضگی پیدا ہوسکتی ہے اسی لئے بی آ ر ایس سے زیادہ بی جے پی کے ان قائدین کو کانگریس میں شامل کروانے کی کوشش کی جانی چاہئے جو سیکولر ہونے کے باوجود بی آر ایس کے متبادل کے طور پر بی جے پی میں شامل ہوئے تھے اور اب وہ بی جے پی میں اپنے نظریات کے ساتھ برقرار رہنے آمادہ نہیں ہیں۔ تلنگانہ میں کانگریس کو حاصل ہورہے استحکام کو دیکھتے ہوئے کئی بی آر ایس قائدین جو کبھی کانگریس میں تھے وہ کانگریس قائدین سے رابطہ میں ہیںتاکہ اگر پارٹی ہائی کمان سے ہری جھنڈی دکھائی گئی تو دوبارہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرسکیں۔