ہائیکورٹ کی مداخلت پر سرحدات پر روکنے کا سلسلہ ختم
حیدرآًاد۔ دوسری ریاستوں کی ایمبولنس گاڑیوں کو اب ریاستی پولیس سرحدات سے داخلہ کی اجامت دے رہی ہے کیونکہ اس سلسلہ میں ہائیکورٹ نے مداخلت کی ہے ۔ تلنگانہ پولیس نے ان میڈیکل خدمات کی گاڑیوںکو سرحدات پر روک دیا تھا جس کے بعد لوگوں میں خوف پیدا ہوگیا تھا اور اس کے نتیجہ میں دو کورونا مریضوں کی موت کی بھی اطلاع ہے ۔ اس کے نتیجہ میں سرحدات پر احتجاج بھی شروع ہوگیا تھا اور حکومت تلنگانہ نے ایمبولنس گاڑیوں کو روکنے پر تلنگانہ حکومت پر تنقید کی تھی ۔ ہائیکورٹ کی جانب سے ایمبولنس گاڑیوں کو روکنے کے خلاف احکام جاری کئے گئے اور ان پر ریاستی عہدیدار اور پولیس عملہ عمل کرتے ہوئے دوسری ریاستوں سے آنے والی گاڑیوں کو تلنگانہ میں داخلہ کی اجازت دے رہا ہے ۔ ہائیکورٹ نے ریاستی حکومت کے ایک حکمنامہ کو کالعدم کردیا اور ہدایت دی تھی کہ ایمبولنس گاڑیوں کو فوری داخلہ کی اجازت دی جائے ۔ کہا گیا ہے کہ پولیس نے جمعہ کو ایمبولنس گاڑیوں کو رات دیر گئے تک سرحد پر روکے رکھا تھا اور بعض کو واپس بھی بھیج دیا تھا ۔ اب ہائیکورٹ کی مداخلت کے بعد دوسری ریاستوں کے لوگ علاج کیلئے تلنگانہ اور حیدرآباد پہونچ پا رہے ہیں۔پولیس حکام نے اپنے ما تحت عملہ کو ہدایت جاری کردی ہے کہ سرحدات پر دوسری ریاستوں سے آنے والی ایمبولنس گاڑیوں کو روکا نہ جائے اور ریاست میں داخلہ دیدیا جائے ۔