دیگر ریاستوں کی گاڑیوں کیلئے ای ۔ پاس لازمی: ڈی جی پی مہیندر ریڈی

   

حیدرآباد۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی نے واضح کردیا کہ دیگر ریاستوں سے تلنگانہ آنے والی گاڑیوں کو ای ۔ پاس کے بغیر اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں داخل ہونے والی ہر گاڑی کیلئے متعلقہ ریاستوں سے جاری کردہ ای ۔ پاس کا ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں سے مریضوں کو منتقل کرنے والی ایمبولینس گاڑیوں اور دیگر گاڑیوں کو کسی قسم کی رکاوٹ کے بغیر تلنگانہ میں داخلے کی اجازت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں سے آنے والی گاڑیوں کو سرحدی چیک پوسٹ پر روک کر پاس کی جانچ کی جائے گی۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے سرحد پر پولیس کی جانب سے گاڑیوں کو روکنے سے متعلق میڈیا میں خبروں کی اشاعت کے بعد یہ وضاحت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل ایمرجنسی سے متعلق گاڑیوں کو بھی پولیس کی جانب سے رعایت دی جارہی ہے تاہم انہیں اپنی ریاستوں سے ای ۔ پاس حاصل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیک پوسٹ کے علاوہ قومی شاہراہوں پر مختلف ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو معمول کے مطابق گذرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا پر قابو پانے کیلئے ٹریفک پر کنٹرول کیلئے بعض فیصلے کئے گئے ہیں۔