حسن آباد۔/31 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) لاک ڈاؤن میں دی گئی رعایتوں کے پیش نظر مختلف ریاستوں و مقامات سے حسن آباد ریونیو ڈیویژن میں شامل مدور منڈل کے مختلف مواضعات کو واپس آنے والے شہریوں کو مقامی پولیس ، طبی و ریونیو ملازمین طبی جانچ پڑتال کے بعد گھریلو قرنطینہ کرتے ہوئے اپنے آپ کو اپنے اپنے گھروں میں مقید رہنے کی تاکید کررہے ہیں۔ ریاست گجرات کے ایک شہر میں ایک شادی کی تقریب کے بعد زائد از 2 ماہ بعد مدور واپس پہنچنے والے 24 سالہ خواجہ حسیب الدین ولد خواجہ حبیب الدین نامی نوجوان کو میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد عبدالسلیم نے تھرمل اسکریننگ و طبی جانچ کے بعد سب انسپکٹر اے سمپت کے ہمراہ 23دنوں کے لئے گھریلو قرنطینہ کرتے ہوئے جیو ٹیاگنگ کردی تاکہ مشتبہ نوجوان کی حرکات و سکنات پر گہری نظر رکھی جاسکے۔ مدور منڈل کے موضع ویمپٹلہ کو بنگلور سے آنے والے 4 افراد کو میڈیکل آفسیر لدنور نے جیوٹیاگنگ کرتے ہوئے کورنٹائن کردیا نیز گھر سے باہر نکلنے پر کیس درج کرنے کا انتباہ دیا۔ موضع دھول مٹہ میں ریاست مہاراشٹرا کے شولا پور سے آنے والے 7 افراد کا سب انسپکٹر اے سمپت نے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد عبدالسلیم کے ہاتھوں طبی جانچ و تھرمل اسکریننگ کرواکر 28 دنوں کے لئے کورنٹائن کردیا۔ موضع راجیٹلہ کو ممبئی سے آنے والے 12 رکنی خاندان کو کورنٹائن کردیا گیا۔