علماء حفاظ ، ائمہ کی بے مثال جدوجہد ، سیاسی ، سماجی اہم شخصیتوں کی شرکت
دیگلور/13 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )درگاہ حضرت سید شاہ ضیاء الدین رفاعی رحمتہ اللہ علیہ کی یاد میں مولانا سید انیس الرحمٰن مظاہری، قومی قائد مجاہد آزادی مولانا قاضی سید حامد تنویر نظامیہ رحم اللہ علیہ، قاری عقیل الرحمٰن اور سماجی کارکنان سدی قیصر حسین دیشمکھ، سید نثار سیٹھ مرحومین کی یاد میں ساتواں میگا خون عطیہ کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا۔ اپسرا گراؤنڈ پر لیا گیا ضلع کا واحد خون عطیہ کیمپ ہر سال سینکڑوں کی تعداد میں خون دینے والے افراد کو اپنی طرف راغب کرتے ہیں۔ خون کی اور پلازما کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگلور تعلقہ کے علمائے دین، حفاظ کرام، پیش امام صاحبین کی جانب سے اٹھایا گیا ایک بے مثال قدم ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے یہاں پر اس بات کا ذکر کا کرنا ضروری ہوگا کہ شہر دیگلور میں ہر سال علمائے دین کی ایک اپیل پر سینکڑوں لوگ جوق درجوق آکراس کیمپ میں اپنا خون عطیہ کرتے ہیں یہی وجہ ھیکہ آج یہ کیمپ اپنی ایک الگ قومی و ملی شناخت بنانے میں کامیاب ہو چکا ہے۔سب ڈسٹرکٹ ہاسپٹل دیگلور اور دی کریسنٹ بلڈ سنٹر ناندیڑ کے ڈاکٹرمحمد صدیق کی انتھک محنت کی وجہ سے یہ کیمپ ہمیشہ کامیاب رہا ہے۔اس کیمپ میں رکن پارلیمنٹ مسٹر رویندر چوہان، سابق صدر بلدیہ موگلاجی شرشیٹوار، لکشمی کانت پدموار، ایڈوکیٹ قاضی محسن علی، میڈیکل سپرینٹنڈنٹ ڈاکٹر نریش دیونیکر، سابق نائب صدر بلدیہ بالاجی ٹیکاڑے، ایڈوکیٹ انکوش دیسائی، صدر قاضی سید انصار علی ارمان (سینیئر جرنلسٹ)،شیؤ سینا کے ضلع صدر مہیش پٹیل، کسان تنظیم کے صدر کئیلاش ایزگے،نثار احمد دیشمکھ مہمانان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ مفتی مختار الدین رفاعی ، مفتی شیخ عمران ،مفتی شیخ احمد نے مہمانان کا اور عطیہ دہندگان کا استقبال کیا۔جلسے کی نظامت ڈاکٹر شیخ مجیب احمد، سید حبیب سر ، نے کی قاضی سید امداد علی نے تمہیدی تقریر کی ۔ مولانا مفتی امیر الدین (محبوب نگر)کی صدارتی تقریر اور دعا سے کیمپ کا آغاز ہوا۔