دیگلور میں کل ہند ادبی مشاعرہ کا کامیاب انعقاد

   

جوہر کانپوری، منظر بھوپالی، خوشبو شرما اور واحد انصاری نے مشاعرہ لوٹ لیا

دیگلور۔31اکتوبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بضمن تہنیت جناب قاضی لائق علی نعمان کو مہاراشٹرا اْردو ساہتیہ اکیڈمی ممبئی کی جانب سے خصوصی ایوارڈ ملنے پر شہر دیگلور میں کْل ہند ادبی مشاعرے کا انعقاد بزمِ تنویرِ اْردو ادب کی جانب سے عمل میں آیا۔ اس کل ہند عظیم الشان مشاعرے کی صدارت مولانا حافظ ندیم صدیقی صدر جمعیت العلماء ہند مہاراشٹرا نے کی۔ اس محفل میں قاضی نعمان کا اور صحافتی ایوارڈ ملنے پر ضمیر احمد خان (نمائندہ ڈیلی منصف، ناندیڑ )کا بھی پرتپاک خیر مقدم واستقبال کیا گیا۔مہمان خصوصی کے طور پرساجد خان پٹھان ( ایم ایل اے) آکولہ، عبدالحفیظ سابق صدر بلدیہ بسمت نگر،سابق صدر بلدیہ موگلاجی شرشیٹوار، شیؤسینا کے ضلع نائب صدر مہیش پٹیل،مہاراشٹرا گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن ریاستی صدر رام داس پٹیل،سینیئر ایڈوکیٹ قاضی محسن علی، اویناش نیلم وار سابق نائب صدر بلدیہ، راجیو پولیس پٹیل سابق کونسلر موجود تھے۔ بین الاقوامی سطح کے ممتاز و نامور شعراء کے ساتھ ساتھ سیاسی سماجی و ثقافتی و صحافی حضرات نے شرکت کی۔ مشاعرے کی سحرکن نظامت اشفاق اصفی نظام آباد اور عادل حلیم خان نے کی۔ حافظ محیط الدین سجادہ نشین درگاہ کی قرات کلام پاک سے مشاعرے کا آغاز ہوا۔واحد انصاری مالیگاؤں نے حمد و نعت پاک کا ہدیہ پیش کیا۔صدر بزم قاضی امداد علی، معتمد قاسم انجینیئر، ڈاکٹر مجیب احمد،سراج دیشمکھ اور اراکین کمیٹی نے تمام مہمانان اور شعراء کرام کی گلپوشی کرتے ہوئے پرتپاک استقبال کیا۔ مقامی شعراء کرام سید قاسم انجینیئر،قاضی ادریس سحر،ایڈوکیٹ قاضی ولایت تحسین اور قاضی فرحان نے اپنے کلام سے محظوظ کیا۔ ممتاز شاعر عطاء حیدرآبادی نے مزاحیہ اشعار پیش کیا۔ افضل الہ آبادی، نعیم فراز، ٹیپیکل جگتیالی، طہ صدیقی، نوید جعفری کے علاوہ مسز خوشبو شرما ،محترمہ شبنم علی،واحد انصاری مالیگاؤں، جوہر کانپوری اور منظر بھوپالی اور ڈاکٹر ماہتاب عالم نے اپنے مخصوص کلام سے مشاعرے کو لوٹ لیا۔ اپنے کلام سے اس طرح نوازا کہ فجر کی اذان تک بھی لوگ محظوظ ہوتے رہے۔قاضی لائق علی نعمان نے اس ایوارڈ کو دیگلور کی گنگا جمنی تہذیب اور اردو ادب کی خدمات کے سبب یہ ایوارڈ حاصل ہونے کی سعادت بتلایا۔ قاضی ادریس سحر نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔