دیگلور میں ہفتہ واری بازار اور مالس بند

   

دیگلور۔18مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جگہ جگہ پر بھیڑبھاڑ نہ ہو ،ضلع کلکٹر انتظامیہ اور حکومت مہارشٹرا کے احکامات کی روشنی میں دیگلور میونسپل کونسل کے چیف آفیسر مسٹر گنگا دھر راؤایرلوڈ نے شہر میں ہفتہ واری بازار بند کرنے کے احکامات تمام باغبان برادری، ترکاری فروشوں اور بیوپاریوں کو نوٹسیں جاری کی ہیں۔اِسی طرح سے تمام شادی خانوں اور مال والوں کو بھی نوٹس جاری کی گئی ہے کہ وہ تا احکامات ثانی اپنے فنکشن ہال میں کوئی تقریب منعقد ہونے نہ دیں اور اگر ایسا ہو تو منسوخ کر دیا جائے ورنہ انتظامیہ کے خلاف سخت کاروائی کی جانے کی اطلاع نوٹس میں دی گئی ہے۔ دیگلورشہر اور تعلقہ میں کرڈکھیڑ، مرکھیل،ھنے گاؤں،شاہ پور کے تمام بھرنے والے ہفتہ واری بازار بند کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ معمول کے مطابق جو مارکیٹ ہیں جیسے کلاتھ مارکیٹ، دوکانات، سبزی منڈی،جنرل اسٹورز وغیرہ معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ لیکن وہاں پر عوام کی بھیڑ بھاڑ نہ ہو اس بات کا دوکانداروں کو خیال رکھنا ہوگا۔ اس طرح سے کورونا وائرس عوام الناس میں نہ پھیلے اس کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ سرکاری مدارس آئی۔ ٹی۔ آئی۔ جونیئر کالج، ڈگری کالج وغیرہ سب کو 31 مارچ تک تعطیلات دی گئی ہیں۔ البّتہ دفاتر میں معمول کے مطابق کام ہوگا لیکن یہاں پر بھی زیادہ بھیڑ جمع نہ کرے ایسے انتظامات کرنے کے لیے متعلقہ صدردفاتر کو سخت ہدایات دی گئی ہیں۔دیگلور شہر میں ہر سنیچر کو بازار بھرتا ہے اس کی روشنی میں 31 مارچ 2020 تک دو ہفتے بازار نہیں بھرے گا۔ باہر سے کوئی ترکاری فروش وہ دیگر تاجرین دیگلور نہیں آئیں گے۔ دفتر تحصیل کی جانب سے بھی نوٹس دی گئی ہے۔