ریاستی رورل ڈیولپمنٹ پرنسپل سکریٹری سندیپ کمار سلطانیہ کا انکشاف
گجویل۔ دیہی علاقوں کو ترقی کی طرف گامزن کرنا ہی حکومت کا نصب العین ہے۔ اس بات کا اظہار ریاستی پنچایت راج رورل ڈیولپمنٹ پرنسپل سکریٹری مسٹر سندیپ کمار سلطانیہ نے گجویل منڈل کے تحت موضع اکارام میں منعقد کئے گئے پلے پرگتی پروگرام میں شرکت کرنے کے بعد کیا۔ بعد ازاں انہوں نے موضع میں موجود ڈمپنگ یارڈ، باغبانی، شمشان گھاٹ کے علاوہ ہریجن کالونی کا معائنہ کیا اور سوکھے اور تر کچرے کو علحدہ کرنے کے طریقہ کار سے مقامی عوام کو واقف کروایا اور مقامی پنچایت دفتر میں منعقد کئے گئے ایک اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے دیہاتوںکی ترقی کے علاوہ دیہی عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی غرض سے تین سو آبادی والے گرام پنچایتوں میں بھی پنچایت سکریٹری کا تقرر کیا۔ اس طرح اگر کسی گرام پنچایت میں سکریٹری کی جائیداد مخلوعہ ہو تو اس کی تقرری کے اختیارات متعلقہ ضلع کلکٹرس کو دیئے گئے ہیں۔ بعد ازاں پرنسپل سکرییٹری سندیپ کمار سلطانیہ نے مستقر گجویل پہنچ کر نو تعمیر شدہ میونسپل بھون اور جدید طریقہ کار سے تعمیر کردہ مارکٹ یارڈ کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سدی پیٹ ایڈیشنل کلکٹر مسٹر مزمل خان، ڈی پی او پارتھا سارتھی، ڈی آر ڈی او گوپال راؤ، گجویل آر ڈی او وجیندر ریڈی، ڈی ای او کانتا راؤ، گجویل میونسپل چیرمین، راج مولی وائس چیرمین زکی الدین و متعلقہ عہدیدار موجود تھے۔