سرگرم رول ادا کرنے عہدیداروں کو ہدایت، جائزہ اجلاس سے ریاستی وزیر ای دیاکر راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔4اگسٹ(سیاست نیوز) ریاست میں دیہی علاقو ں کی جامع ترقی کے چیف منسٹر کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اقدامات تیز کئے جانے چاہئے اسی لئے ضروری ہے کہ ریاست میں ہر سطح پر عہدیداروں کو سرگرم کردار ادا کرنے کی ہدایت دی جائے۔ریاستی وزیر پنچایت راج مسٹر ای دیاکر راؤ نے چیف سیکریٹری مسٹر ایس کے جوشی کے ہمراہ منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔مسٹر ای دیاکر راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹرکے چندر شیکھر راؤ نے دیہی علاقوں کی موجودہ صورتحال پر اپنی تشویش کا جو اظہار کیا ہے وہ حقیقت ہے کیونکہ گذشتہ 60برسوں کے دوران دیہی علاقوں کی تبدیلی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے جس کی ذمہ داری حکومت کے علاوہ عہدیداروں پر بھی عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے منڈل سطح کے عہدیداروں سے ریاستی سطح کے عہدیداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے معلنہ 60روزہ منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے سب سے پہلے درکار عملہ اور مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی جائے تاکہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع اور مواضعات کی جامع ترقی کی پالیسی کو عملی جامہ پہنایا جاسکے۔مسٹر ایس کے جوشی اور ریاستی وزیر پنچایت راج نے اجلاس میں موجود عہدیدار وںکو مشورہ دیا کہ وہ دیہی ترقیاتی منصوبہ کو ٹال مٹول سے کام لینے کی حماقت نہ کریں کیونکہ چیف منسٹر اس معاملہ میں سخت موقف اختیار کئے ہوئے ہیں۔
