محبوب نگر میں ضلع پریشد کمیٹی کا اجلاس، چیرمین سورنا سدھاکر ریڈی کا خطاب
محبوب نگر: 3 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دیہی ترقیاتی پروگراموں پر عمل آوری میں کوئی کسر باقی نہ رکھی جائے۔ یہ ہدایت سورنا سدھاکر ریڈی ضلع پریشد چیرپرسن نے ضلع عہدیداروں کو دی۔ وہ ضلع پریشد میٹنگ ہال میں منعقدہ ضلع پریشد دوسری سطح کی کمیٹی کے اجلاس سے مخاطب تھیں۔ دیہی ترقی پروگرام کے ضمن میں عمل آوری والے پروگراموں پر ضلع عہدیدار چوکس رہتے ہوئے نگرانی کریں۔ آسرا پنشن، ضمانت روزگار، پلے پرگتی، اسپورٹس اسٹیڈیم کی تعمیر جیسے پروگراموں کو صد فیصد کامیابی کے ساتھ مکمل کریں۔ ان کاموں میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ مشن بھگیرتا پانی کی فراہمی کے لیے پنچایت راج کے تحت پائپ لائین کے تعمیراتی کام بعجلت پورے کرلئے جائیں۔ جاریہ سال کسانوں سے دھان کی خریدی میں کوئی مسئلہ یا دقت پیش نہیں آنی چاہئے۔ قبل ازیں احتیاطی اقدامات کرلئے جائیں۔ گنی بیاگس (تھیلے) وقت سے پہلے تیار رکھے جائیں۔ انہوں نے یوتھ سرویسس عہدیداروں کو پابند کیا کہ دیہی بے روزگار نوجواونں کے لیے الیکٹریکلس ہائوزنگ و دیگر شعبہ جات میں آگے بڑھائیں۔ خواتین کے لیے ٹیلرنگ، بیوٹیشن و دیگر پروگرامس کی تربیت دی جائے۔ پروگرام میں کوئل کنڈہ زیڈ پی ٹی سی وجئے بھاسکر ریڈی، ڈپٹی سی ای او مغلپا، اے پی ڈی ذکیہ سلطانہ و دیگر موجود تھے۔ دریں اثناء یہ ہدایت ضلع پریشد چیرپرسن سورنا سدھاکر ریڈی نے ضلع پریشد میٹنگ ہال میں منعقدہ تعلیمی و طبی مسائل پر چوتھی سطح کی کمیٹی کے اجلاس میں مخاطب کرتے ہوئے دی۔ انہوں نے کہا کہ ڈائٹ کالج میں پینے کے پانی کا مسئلہ سنگین ہے۔ پائپلائین کے ذریعہ عہدیدار فوری یکسوئی کریں۔ اجلاس میں ضلع پریشد کو آپشن ممبر انور حسین و دیگر موجود تھے۔