حیدرآباد ۔ 22؍ ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو نے آج اعلان کیا کہ ریاست میں ’پلے پرگتی‘ سے موسوم ترقیاتی کاموں میں پیشرفت اور معیار کو یقینی بنانے کے لئے ریاست بھر میں اچانک معائنوںکے لئے خصوصی فلائنگ اسکواڈس تشکیل دیئے جائیں گے جو مختلف اضلاع دورہ کریں گے اور اپنے تخمینہ پر مبنی رپورٹ حکومت کو پیش کریں گے ۔ چیف منسٹر کے سی آر اتواریہاں پرگتی بھون میں ’پلے پرگتی‘ پروگرام پر جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ 30 روزہ باوقار پروگرام کا مقصد تمام دیہاتوں کو صاف ستھرا اور ہرا بھرا بنانے ہے ۔ یہ مہم ستمبر کے پہلے ہفتہ میں شروع کی گئی تھی اور عوام کی شمولیت کے سبب کافی مقبول ہوگئی ۔ چیف منسٹر نے کہاکہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ عوام اس پروگرام میں رضاکارانہ طور پر حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ لیکن مجھے بعض شکایات موصول ہو رہی ہیں ‘ مقامی سطح سے چند تجاویز بھی موصول ہو رہیں ۔ یہ بتایا گیا ہے کہ چند عہدیدار اور عوامی نمائندے ان پروگراموں میں عوام کی طرح جوش و خروش کا مظاہرہ نہیں کر رہے ہیں ۔ اس پروگرام کو مزید موثر بنانے کے لئے اچانک معائنوں کے ساتھ اصلاحی اقدامات بھی ضروری ہیں ‘‘ ۔ چیف منسٹر نے یاد لایا کہ پلے پرگتی پروگرام کے آغاز کے وقت یہ کہا گیا تھا کہ فلائنگ اسکواڈس کی طرف سے اچانک معائنے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے یہ واضح کیا کہ بہت جلدفلائنگ اسکواڈ تشکیل دیئے جائیں گے اور وہ پروگراموں پر ہونے والی عمل آوری کا جائزہ لیں گے ۔ بہتر مظاہرہ نہ کرنے والے عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ اس پروگرام پر پیشرفت کیلئے ماہانہ 339 کروڑ روپئے جاری کئے جا رہے ہیں