پہلے مرحلے میں ملاپور موضع کا انتخاب،ضلع کلکٹر پداپلی کی ہدایت
پداپلی۔14/مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )دیہی ترقیاتی کاموں کو جلد سے جلد شروع کرنے کی ضلع کلکٹر سِکتا پٹنائک نے متعلقہ عہدیداروں کو تاکید کی. پردھان منتری آدرش گراما یوجنا کے تحت دھرمارم منڈل کے ملاپور موضع میں کئے جانے والے ترقیاتی کاموں سے متعلقہ امور پر ضلع کلکٹر نے بروز چہارشنبہ کلکٹریٹ میٹنگ ہال میں ضلعی سطح کا اجلاس منعقد کیا. اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پردھان منتری گرام یوجنا کے تحت پداپلی ضلع کے 5 مواضعات کا انتخاب کیا گیا ہے. پہلے مرحلہ میں دھرمارم منڈل کے ملاپور موضع میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کرنے کی کلکٹر نے عہدیداروں کو تاکید کی. انھوں نے کہا کہ مواضعات میں کم سے کم بنیادی سہولیات جیسے بجلی’ سی سی روڈ کا قیام’ تعلیم’ طبابت’ کنال’ پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے. عہدیداروں نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پردھان منتری گرام یوجنا کے تحت ایسے مواضعات کا انتخاب کیا جارہاہے جہاں پر ایس سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی آبادی زیادہ ہے اور وہاں پر تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں.مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی بناء پر ملاپور موضع میں پینے کا پانی’ ڈرینیج کا نظام’ سی سی روڈ کی تعمیر’ ٹھوس و مائع کچرے کا علحدہ نظام’ سٹریٹ لائٹ’ بجلی کی سربراہی’ بیت الخلاء کا استعمال جیسے متعلقہ سہولیات پر مشتمل فہرست کے مطابق 100 نمبرات مختص کئے گئے ہیں. جن میں سے تا حال 81 نمبرات سے متعلقہ کاموں کو مکمل کرلیا گیا ہے. ماباقی کاموں کو بھی جلد مکمل کر مثالی موضع میں تبدیل کرنے کی ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو تاکیدکی۔ عہدیداروں نے کہا کہ پردھان منتری گرام یوجنا اسکیم کے تحت دھرما منڈل کے ملاپور موضع کے لئے 40.6 لاکھ روپئے مالیتی ترقیاتی کاموں سے متعلقہ لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے. دیہی ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کے بعد مزید 5 سال تک نگرانی کرنے اور معیاری کام کروانیکی ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو تاکید کی۔ایڈیشنل کلکٹر لکشمی نارائنا’ ضلع انچارج ڈی آر او کے. نرسمہا مورتی’ ضلع دیہی ترقاتی آفیسر تروملا پرساد’ ضلعی عہدیدار برائے محکمہ بہبود اکیشوارا راؤ’ ضلع پنچایت آفیسر سدرشن اور متعلقہ عہدیداروں نے اس اجلاس میں شرکت کی.۔