اہل ایمان کو دعوت فکر، کورٹلہ میں مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام اجلاس ، علماء کا خطاب
کورٹلہ ۔ مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام کورٹلہ کی جامع مسجد میں صدر جمعیتہ العلماء ضلع جگتیال کی صدارت میں منعقدہ اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے مفتی عبدالمعز شامیزی ، مولانا سید مظہر قاسمی ، مولانا محمد سجاد قاسمی ، مولانا محمد شفیع الدین نقشبندی ، مولانا لائق الرحمن نے کہا کہ دیہی علاقوں میں دین اور اسلام کی حفاظت کرنا اور ان کے دین اور اسلام کو بچانے کی فکر کرنا ہم سب کی ایمان اور اخلاقی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اہل ایمان پر تحفظ ختم نبوت اور دعوت دین کی فکر کرنا لازم ہے ۔ آج باطل اور شیطانی قوتیں اسلام کو مٹانا چاہتی ہیں اور وہ منظم انداز میں کام کر رہی ہیں ۔ آج دیہی علاقوں میں مختلف فرقہ کے مسلمانوں کو گمراہ کرنے اور ان کے عقیدوں کو خراب کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں ۔ دیہی علاقوں میں جو مسلمان اور معلمین اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ہمیں ان کی قدر کرنی چاہئے اور ان کے معاشی مسائل کو حل کرنے کیلئے ہم سب اہل ایمان کو آگے آنا چاہئے ۔ اس موقع پر مولانا محمد شفیع الدین نقشبندی نے مولانا عبدالمقیت عمری سابق صدر مجلس ختم نبوت ضلع جگتیال جن کا ہال ہی میں انتقال ہوا ہے ۔ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عبدالمقیت مرحوم علماء اور خدام دین کا بہت احترام و عزت کرتے تھے اور ان کے اندر دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا تھا ۔ مولانا عبدالمقیت مرحوم مساجد کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے اور مالی تعاون کرتے تھے ۔ ان کی دینی و ملی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے ان کے حق میں مغفرت اور جنت الفردوس عطا کرنے کی اللہ سے دعاء کی ۔ اس موقع پر دیہی علاقوں کے معلمین کے علاوہ کورٹلہ کے علماء کرام اور مساجد کمیٹیوں کے ذمہ داروں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔