حیدرآباد ۔ 16۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے قومی ضمانت روزگار اسکیم سے مہاتما گاندھی کا نام نکال دینے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 17 ڈسمبر کو تلنگانہ کے تمام اضلاع میں احتجاجی دھرنا منظم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ملک کی آزادی میں اہم رول ادا کرنے والے گاندھی جی کو خراج پیش کرنے کے لئے کانگریس کی یو پی اے حکومت میں یہی ضمانت روزگار اسکیم کو گاندھی جی سے موسوم کیا گیا تھا لیکن بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت نے منظم سازش کے تحت اس اسکیم سے گاندھی جی کا نام ہٹا دیا ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ کانگریس ہائی کمان کی ہدایت پر کل یعنی 17 ڈسمبر کو تلنگانہ کے تمام اضلاع میں مرکزی حکومت کے اس فیصلہ کے خلاف احتجاج کیا جائے گا ۔ مہیش کمار گوڑ نے اضلاع کانگریس صدور کو ہدایت دی ہے کہ وہ گاندھی جی کی تصاویر کے ساتھ احتجاج منظم کریں۔ ساتھ ہی 28 ڈسمبر کو کانگریس کی یوم تاسیس کے موقع پر دیہی اور منڈل سطح پر گاندھی جی کی تصویر کے ساتھ پروگرامس منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ مہیش کمار گوڑ نے 17 اور 28 ڈسمبر کو منظم کئے جانے والے احتجاجی پروگرامس کو کامیاب بنانے کے کانگریس قائدین سے اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ایک طرف بابائے قوم گاندھی جی کا احترام کرنے کا ناٹک کر رہی ہے ، دوسری طرف مزدوروں کو روزگار سے متعلق اسکیم سے ان کا نام ہٹاتے ہوئے توہین کر رہی ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔2
