ضلع عادل آباد میں پارٹی اجلاس صدر نشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان کا خطاب
نرمل ۔ 23 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عادل آباد ضلع کے پاپال گوڑہ میں ایک پارٹی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے صدر نشین اردو اکیڈیمی ریاست تلنگانہ طاہر بن حمدان نے کہا کہ ہم دیہی سطح سے ضلعی سطح تک کانگریس کو مبوط کرنے کے لئے اس طرح کے اجلاس منعقد کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں کو ایک بننے جوش اور جذبہ کی سمت لے جارہے ہیں۔ طاہر بن حمدان جو تنظیمی امور کے ضلع عادل آباد میں بحیثیت مبصر ایک ماہ سے ضلع عادل آباد کے کئی مقامات پر اجلاس منعقد کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے مصروف ہیں آج اس اجلاس کی صدارت کندی سرینواس ریڈی انچارج ضلع کانگریس کررہے تھے۔ اپنے خطاب میں طاہر بن حمدان نے کہا کہ پارٹی کو اور بھی مضبوط بنانے کے لئے آئینی اتحاد بے حد لازمی ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ بی جے پی حکومت ای ڈی کا سہارا لے کر راہول گاندھی، سونیا گاندھی کے خلاف جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنا چاہتی ہے۔ انتقامی سیاست نہیں تو اور کیا ہے؟ آئندہ عام انتخابات میں حلقہ اسمبلی عادل آباد پر کانگریس کا پرچم لہرایا جائے گا۔ آج ملک کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ مرکزی حکومت سوائے انتقامی سیاست اور مذہب کی آڑ میں اپنی سیاسی دکان چلاتے ہوئے صرف اور صرف سرمایہ داروں کی ترقی کے لئے کام کررہی ہے، نہ ہی بیروزگاروں کی فکر ہے، نہ ہی غریب عوام کے لئے کچھ کیا جارہا ہے، ہمیں متحد ہوکر بنیادی سطح سے پارٹی کو مستحکم کرتے ہوئے آئندہ مجالس مقامی کے انتخابات کے لئے تیار رہنا ہوگا۔ کانگریس محنت کرنے والے پارٹی قائدین کے ساتھ برابر انصاف کرے گی، حوصلہ بلند رکھنا چاہئے کیونکہ خوشیوں کا تعلق آپ کے حالات سے نہیں آپ کے فیصلوں سے ہے۔ اس لئے میں مشورہ دیتا ہوں کہ ہر پارٹی کارکن سیاسی سطح پر پارٹی کے لئے کام کریں۔