دیہی سطح پر مرکزی اسکیمات کی عمل آوری کا جائزہ

   

مرکزی مملکتی وزیر بنڈی سنجئے کا مکتھل دورہ ، آنگن واڑی ، ہیلت سنٹرس کا معائنہ
مکتھل /26 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجئے کمارنے آج نارائن پیٹ ضلع کے حلقہ اسمبلی مکتھل کے موضع رائے کوڈ کا دورہ کرتے ہوئے دیہی سطح پر مرکزی اسکیمات کو لاگو کرنے اور اس سے عوامی استفادہ کو یقینی بنانے کیلئے سرکاری عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ جائزہ لیا ۔ اس دورہ میں رکن پارلیمان حلقہ لوک سبھا محبوب نگر ڈی کے ارونا اور رکن اسمبلی مکتھل وی سری ہری بھی موجود تھے۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کو پولیس دستہ نے سلامی پیش کی ۔ بنڈی سنجئے نے اپنے دورہ میں آنگن واڑی مراکز پرائمری ہیلتھ سنٹر کا معائنہ کیا ۔ بعد ازاں وہاں موجود صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک ہندوستان 2028 تک اقتصادی طور پر مستحکم ہوگا اور مرکزی حکومت دیہی علاقوں کو ترقی و استحکام کے ہدف کے ساتھ ہدنوستان کو تیسرے نمبر پر دیکھنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سمپورنا ابھیان پروگرایم کو جس کے تحت وہ خود دیہی علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ ریاست میں 112 اضلاع کے 500 بلاک منڈلوں کو شامل کرنا چاہتی ہے اور مرکزی اسکیمات کے ذریعہ ان منتخب دیہی علاقوں کو مثالی گاؤں بناتے ہوئے مرکزی وزراء کو جائزے کیلئے دورے کروائے گی ۔ مسٹر بنڈی سنجئے کمار نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں بھوپال پلی ، ملگو اور نارائن پیٹ اضلاع میں دس بلاکس کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ مرکزی مملکتی وزیر کے دورہ کے ومقع پر بعض عوامی نمائندگیاں بھی کی گئیں جبکہ رکن اسمبلی مکتھل مسٹر سری ہری بھی بعض امور کی طرف توجہ دلائی ۔