دیہی علاقوں میں آج سے روزانہ 3 لاکھ افراد کی ٹیکہ اندازی وزیر پنچایت راج کی عہدیداروں سے ویڈیو کانفرنس

   

حیدرآباد۔15 ۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ 16 ستمبر سے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی ٹیکہ اندازی کیلئے دیہی سطح پر مراکز قائم کئے جائیں۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس ، چیف سکریٹری اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے ٹیکہ اندازی کی مہم کے بارے میں ہدایات جاری کیں۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ ہر روز دیہی علاقوں میں تین لاکھ افراد کی ٹیکہ اندازی کا نشانہ مقرر کرتے ہوئے کام کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ اندازی کے معاملہ میں تلنگانہ ملک میں دیگر ریاستوں سے آگے ہے۔ تلنگانہ میں دو کروڑ 80 لاکھ افراد ٹیکہ اندازی کے اہل ہیں۔ ابھی تک ایک کروڑ 45 لاکھ افراد کو پہلی خوراک دی جاچکی ہے جبکہ 15 لاکھ افراد میں دونوں خوراک حاصل کرلی ہے ۔ دیاکر راؤ نے پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی پروگراموں کی طرح ٹیکہ اندازی مہم پر توجہ دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹر سے لے کر نچلی سطح کے ہر عہدیدار اور ملازمین کو ٹیکہ اندازی کی کامیابی کیلئے کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کے تدریسی اور غیر تدریسی اسٹاف کی صد فیصد ٹیکہ اندازی کو یقینی بنایا جائے تاکہ اسکولوں میں طلبہ کورونا وباء سے محفوظ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کی کشادگی کے پیش نظر محکمہ صحت اور دیگر محکمہ جات کو سخت چوکسی اختیار کرنی چاہئے ۔ R