56 مختلف معائنے مفت کئے جائیں گے ، سرکاری دواخانوں کی ترقی پر دس ہزار کروڑ کا خرچ
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے دیہی علاقوں میں بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے 19 ڈائگناسٹک سنٹر قائم کئے جہاں عوام کو 56 مختلف معائنے مفت کئے جائیں گے ۔ کورونا کی دوسری لہر میں شہری علاقوں کے مقابلہ دیہی علاقوں کے عوام زیادہ متاثر ہوئے۔ کورونا علامات کا پتہ چلانے میں تاخیر کو دیکھتے ہوئے حکومت نے 19 اضلاع کے ضلع ہیڈکوارٹرس پر عصری سہولتوںکے ساتھ ڈائگناسٹک سنٹرس کا آغاز کیا ہے۔ ہر ڈائگناسٹک سنٹر پر 2.5 کروڑ کا خرچ آیا ہے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے تمام وزراء کو اپنے ضلع میں ڈائگناسٹک سنٹر کے افتتاح کی ہدایت دی تھی ۔ وزراء سے کہا گیا کہ وہ وقتاً فوقتاً ان مراکز کا دورہ کرکے طئے شدہ تمام ٹسٹ مفت کئے جانے کو یقینی بنائیں۔ محبوب نگر ، نظام آباد ، سنگا ریڈی ، میدک ، جنگاؤں ، ملگ ، محبوب آباد ، کتہ گوڑم ، جگتیال ، سدی پیٹ ، نلگنڈہ ، کھمم ، سرسلہ ، وقارآباد، نرمل ، کریم نگر عادل آباد گدوال اور آصف آباد میں یہ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر نے سرکاری دواخانوں کی ترقی کیلئے 10,000 کروڑ روپئے خرچ کا منصوبہ بنایا ہے، اس کے علاوہ نئے گورنمنٹ میڈیکل کالجس اور نرسنگ کالجس کے قیام پر پانچ ہزار کروڑ خرچ کئے جائیں گے ۔ سرکاری دواخانوں اور پرائمری ہیلت سنٹرس میں مریضوں سے حاصل کردہ خون کے نمونوں کا ٹسٹ ضلع ہیڈ کوارٹر کے ڈائگناسٹک سنٹر پر کیا جائے گا ۔ رپورٹ کا سافٹ کاپی ڈاکٹر اور مریض کو روانہ کی جائے گی ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ امراض کے بروقت پتہ چلنے کی صورت میں مرض پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ جن 57 ٹسٹوں کو مفت انجام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، ان میں قلب ، گردہ کے علاوہ کینسر سے متعلق ٹسٹ بھی شامل ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ انتہائی عصری نوعیت کے آلات سنٹرس میں فراہم کئے جائیں گے۔