دیہی علاقوں میں 4000 ولیج ہاسپٹلس کا قیام: ہریش راؤ

   

5 میڈیکل کالجس کا اضافہ، سرکاری سطح پر غریبوں کو بہتر علاج کی سہولتیں

حیدرآباد۔/28 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت نے دیہی علاقوں میں بہتر علاج کی سہولتوںکی فراہمی کیلئے 4000 ولیج ہاسپٹلس کے قیام کے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد 5 نئے میڈیکل کالجس کا قیام عمل میں آیا ہے۔ ہریش راؤ کھمم ضلع میں سری شرڈی سائی ٹرسٹ کی جانب سے ستو پلی منڈل کے نارائن پور گاؤں میں قائم کئے جانے والے 250 بستروں کے ملٹی اسپیشالیٹی ہاسپٹل پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا ۔ یہ تقریب حیدرآباد کے پارک ہوٹل سے ورچول انداز میں منعقد کی گئی تھی۔ ہریش راؤ کے علاوہ ڈی آر ڈی او کے صدر نشین چندر بھان، جسٹس نوین ریڈی، ستیش ریڈی، فلم اسٹار موہن بابو ، رکن پارلیمنٹ پربھاکر ریڈی، رکن اسمبلی وینکٹ ویریا اور دوسروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ دیہی علاقوں میں دواخانہ کے قیام کی مساعی پر وہ مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی اداروں اور رضاکارانہ تنظیموں کو حکومت کی جانب سے عوام کو طبی سہولتوںکی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں صحت کے موضوع پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد کے سی آر حکومت نے صحت کے شعبہ کو اولین ترجیح دی ہے۔ 5 نئے میڈیکل کالجس کے ذریعہ میڈیکل کالجس کی تعداد کو بڑھا کر 17 کیا گیا ہے۔ ایم بی بی ایس کی نشستوں میں 2875 اور پی جی نشستوں میں 1200 کا اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں بستی دواخانوں کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے دیہی علاقوں میں حکومت 4000 دیہی دواخانے قائم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں حکومت نے بہتر انفرااسٹرکچرکی سہولتوں کیلئے زائد فنڈز مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی دواخانوں میں ماہر ڈاکٹرس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ر