نظام آباد میں نومنتخب خواتین سرپنچوں کے تربیتی پروگرام سے ضلع کلکٹر کا خطاب
نظام آباد۔ 17 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظام آباد ضلع کلکٹر ایلا تریپاٹھی نے دیہی علاقوں کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے عزم اور دیانتداری کے ساتھ خدمات انجام دینے اور خواتین کی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں اُجاگر کرنے پر آج نظام آباد میں نیاک بھون میں نو منتخب خواتین سرپنچوں کیلئے منعقدہ تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا۔ ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے سرپنچوں کے اختیارات، فرائض اور ذمہ داریوں سے متعلق تفصیلی رہنمائی فراہم کی اور پانچ روزہ تربیت سے بھرپور استفادہ کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی اداروں میں خواتین کو 50 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کا مقصد اُنہیں فیصلہ سازی میں مؤثر نمائندگی دینا ہے، لہٰذا خواتین سرپنچ اس موقع کو بروئے کار لاتے ہوئے دیہی نظم و نسق کو مضبوط بنائیں اور مؤثر حکمرانی کے ذریعے ریزرویشن کے مقصد کو کامیاب بنائیں۔ضلع کلکٹر نے زور دیا کہ سرپنچ اپنے فرائض کی انجام دہی میں خاندانی مداخلت سے گریز کریں اور بطور اولین شہری اپنے وقار اور خودمختاری کو برقرار رکھیں، کیونکہ مؤثر قیادت مستقبل میں اعلیٰ ذمہ داریوں کی راہ ہموار کرتی ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ فنڈز اور اختیارات کا شفاف اور منصفانہ استعمال کرتے ہوئے عوامی ضرورتوں کو پیش نظر رکھا جائے اور پینے کے پانی، صفائی، سڑکوں، تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے فلاحی ہاسٹلز، اسکولوں، کستوربا گاندھی لڑکیوں کے اقامتی اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز کے باقاعدہ دورے کر کے خامیوں کی نشاندہی اور اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت دی اور یقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ دیہی ترقی کے اقدامات میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ کلکٹر نے اعلان کیا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی دس سرپنچوں کو اعزاز سے نوازا جائے گا اور مثالی گاؤں گانگادیوی پلی کے مطالعاتی دورہ پر بھی بھیجا جائے گا۔ تربیتی پروگرام میں ضلع پنچایت افسر ڈی۔ سرینواس راؤ، اے او راجابابو، ڈی ایل پی اوز، ماسٹر ٹرینرز اور مختلف دیہات کی خواتین سرپنچوں نے شرکت کی۔