دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے مجالس مقامی کو فنڈز کی اجرائی

   


ضلع پریشد و منڈل پریشد کو اختیارات ، چیف منسٹر کی عہدیداروں سے مشاورت
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ دیہی علاقوںکی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے مجالس مقامی کو مالی طور پر مستحکم کیا جائے گا۔ ضلع پریشد اور منڈل پرجا پریشد کو گرام پنچایتوں کی طرح فنڈز الاٹ کئے جائیں گے تاکہ وہ ترقیاتی کام انجام دے سکیں۔ فنڈز کے ساتھ کاموں کی ذمہ داری متعین وقت پر تکمیل کے ساتھ دی جائے گی۔ چیف منسٹر نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ریاست میں ضلع پریشد اور منڈل پرجا پریشد کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ بجٹ 2021-22 میں ضلع پریشد اور منڈل پریشد کیلئے فنڈز کی گنجائش فراہم کی جائے گی۔ نئے پنچایت راج ایکٹ کے ذریعہ پنچایتوں کے اختیارات میں اضافہ کیا گیا ہے جس کے تحت وہ منڈل اور ضلع سطح کے عہدیداروں کی اجازت کے بغیر فنڈز خرچ کرسکتے ہیں۔ سابقہ قواعد کے مطابق 2 لاکھ سے زائد کے کاموں کیلئے منڈل آفیسر سے اجازت حاصل کرنی پڑتی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ گرام پنچایتوں کو اپنے مواضعات کی ضرورتوں کے مطابق فنڈز خرچ کرنے کا اختیار دیا گیا ہے اور اس معاملہ میں کوئی بھی مداخلت نہیں کرسکتا۔ فینانس کمیشن گرام پنچایتوں اور میونسپلٹیز کو راست طور پر فنڈز جاری کررہا ہے۔ گرام پنچایتوں کو ہر ماہ 308 کروڑ اور میونسپلٹیز کو 148 کروڑ جاری کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے ضلع پریشد اور منڈل پریشد کو جوابدہ بنانے کیلئے عہدیداروں سے تجاویز طلب کیں۔