جگتیال میں متعلقہ عہدیداروں کو ضلع کلکٹر کی ہدایت
جگتیال :ضلع کلکٹر جی روی نے کہا کہ ضلع جگتیال میں بخار کا سروے منعقد کرتے ہوئے مشکوک افراد کی جانچ کے بعد مثبت نتائج میں مبتلاء افراد کا علاج کیا جائے۔کوویڈ سے متاثرہ افراد کو گھریلو قرنطین کرنے کے ساتھ ساتھ،ابتدائی تعلقات میں رہنے والے افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت دی جائے۔ضلعی سطح پر کوویڈ کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ ، ویکسن کے عمل کو بآسانی کے ساتھ تکمیل کیا جائے۔آج بروز منگل انھوں نے طبی عہدیداروں، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر طبی عملہ کے ساتھ اپنی سرکاری قیام گاہ سے زوم ویب نار کے ذریعہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اجلاس کا انعقاد عمل میں لاکر کہا کہ دیہی علاقوں سے شہری علاقوں تک بخار کا سروے منعقد کیا جائے۔ٹسٹوں کو ضرورت کے اعتبار سے بڑھادیا جائے۔ یومیہ 4 ہزار کوویڈ کے ٹسٹ کئے جائیں۔کوویڈ پروٹوکول پر عمل آوری نہ کرنے اور ماسک کا عدم استعمال کرنے پر جرمانے عائد کئے جائیں۔دواخانوں میں آکسیجن ، بستروں ، آئی سی یو سے متصلہ بستر،اور وینٹیلیٹرکو دستیاب رکھاجائے۔مسائل درپیش ہوئے بغیر محتاط رہیں۔خانگی اور سرکاری دواخانوں میں کوویڈ کی خدمات کا مسلسل معائنہ کیا جاتا رہے اور رپورٹ تیار کی جاتی رہے۔کوویڈ کی پہلی خوراک کی صد فیصد تکمیل پر ضلع کلکٹر نے اطمینان کا اظہار کیا۔