بارش متاثرین کیلئے ہمیشہ دستیاب رہیں ، ریاستی وزیر پرشانت ریڈی کی کلکٹر سے بات چیت
نظام آباد ۔وزیر عمارات وشوارع مسٹر پرشانت ریڈی نے نظام آباد ، کاماریڈی کلکٹرس سے آج فون پر بات چیت کرتے ہوئے متحدہ ضلع میں جاری بارش کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے کلکٹر نظام آباد نارائن ریڈی ، کلکٹر کاماریڈی ڈاکٹر شرت سے فون پر بات چیت کی اور تفصیلات حاصل کیا اور اس موقع پر ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں دو دنوں سے مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے بارش کے باعث عوام کو ہونے والی پریشانیاں کا جائزہ لیں دیہی سطح اور منڈل سطح کے عہدیداروں کو چوکسی اختیار کرنے اور اپنے اپنے ہیڈ کوارٹر پر رہتے ہوئے حالات کا جائزہ لیں ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے بتایا کہ آفت سماوات کے موقع پر حکومت عوام کے ساتھ رہتے ہوئے ان کے کام آئیں اور 24 گھنٹے عوام کیلئے دستیاب رہے اور کنٹرول روم کو مانیٹرنگ کرتے ہوئے حالات کے مطابق فیصلہ کریں ۔ ضلع کے چھوٹے اور متوسط آبپاشی تالابوں کے علاوہ پراجیکٹوں میں بڑے پیمانے پر پانی داخل ہورہا ہے لہذا محکمہ آبپاشی کے عہدیدار چوکسی برتتے رہیں۔ نظام آباد ضلع میں 2106 ، کاماریڈی ضلع میں 2004 تالابیں ہے اور یہ تالاب لبریز ہورہے ہیں اور آئندہ دو دن تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے امکانات ہیں اور آئندہ دو تین دنوںمیں دونوں اضلاع کے تالاب مکمل لبریز ہونے کے امکانات ہیں لہذا تالابوں کی صورتحال کا جائزہ لیں ۔ کسی بھی ہنگامی صورت سے نمٹنے کیلئے پولیس بھی تیار رہیں ۔ نشیبی علاقوں میں واقع سڑکوں ، بریجس اور عوامی ٹرانسپورٹ نظام کو مستحکم کریں اور بارش سے نقصان ہونے والی سڑکوں کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری مرمت کریں ۔ بارش کی وجہ سے برقی سربراہی میں کوئی پریشانی ہونے نہ دیں اور ڈیویژن سطح کے عہدیدار اپنے ماتحت عہدیداروں کو چوکس رکھیںاور ناکارہ کھمبوں کو فوری ہٹائیں کرونا کے موقع پر ضلع کے طبی عہدیدار مصروف ہے اس کے باوجود بھی وبائی امراض کے پھیلنے سے روکنے کیلئے اقدامات کریں اور بنیادی سطح پر جائزہ لیں ۔ میونسپل کارپوریشن ، میونسپلٹیز کے عہدیدار بھی چوکسی برتیں اور 24 گھنٹے حالات کا جائزہ لیں ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے ہنگامی صورت میں ان سے 24 گھنٹے میں کبھی بھی ربط پیدا کرنے کی ہدایت دی۔