دی اسٹار اسکول میں سائنس ایگزیبیشن کا انعقاد

   

کمسن طلباء کا متاثر کن مظاہرہ ، جناب افتخار حسین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : ہیلپنگ ہینڈز کے تحت چلائے جانے والے اسکول ، دی اسٹار اسکول میں ہفتہ کے روز بہت ہی شاندار پیمانہ پر سائنس ایگزیبیشن کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اگرچیکہ یہ اسکول کا پہلا تعلیمی سال ہے اس کے باوجود ٹیچرس کی محنت اور طلباء کی لگن نے نمائش دیکھنے والوں کو متاثر کیے بغیر نہیں چھوڑا ۔ پہلی جماعت سے لے کر چھٹی جماعت تک کے اس اسکولی طلباء نے 40 سے زیادہ سائنسی تجربات اور معلوماتی پراجکٹس کو پیش کر کے ہر آنے والے سے داد حاصل کی ۔ جناب افتخار حسین صدر منیجنگ کمیٹی و فیض عام ٹرسٹ ، دی اسٹار اسکول اور جناب رضوان حیدر ٹرسٹی ہیلپنگ ہینڈز کے ہاتھوں اس نمائش کا افتتاح عمل میں آیا ۔ جناب افتخار حسین نے بچوں کی ہمت افزائی کرتے ہوئے کہا کہ سائنسی ذہن کی تیاری ہی ہماری ترقی کی ضامن ہوسکتی ہے ۔ آپ نے قوی امید کا اظہار کیا کہ اگر اسکول کے پہلے سال ہی اس طریقہ کا بہترین مظاہرہ کیا گیا ہے تو یقینی طور پر بہت جلد دی اسٹار اسکول اپنی کامیابیوں سے ہمکنار ہوگا ۔ جناب رضوان حیدر فیض عام ٹرسٹ نے بھی اساتذہ کی خدمات کو سراہا اور والدین پر زور دیا کہ ایک طالب علم کی کامیابی کا انحصار جتنا ٹیچر پر ہوتا ہے اتنا ہی طالب علم کے والدین پر ہوتا ہے ۔ اگر والدین اور اساتذہ دونوں ہی انہماک سے کام کریں تو پھر سونے پر سہاگہ کی مثال ثابت ہوتی ہے ۔ ڈاکٹر شوکت علی مرزا ، منیجنگ ٹرسٹی ، ہیلپنگ ہینڈ اور کرسپانڈنٹ ، دی اسٹار اسکول نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور اسکول کے معائنہ کے علاوہ دی اسٹار اسکول کے قیام کیلئے اغراض و مقاصد سے واقف کرایا ۔ شام دیر تک بھی والدین اور بہی خواہوں کے آمد و رفت کا سلسلہ جاری تھا ۔ نمائش کے اختتام پر جناب افتخار حسین نے بہترین مظاہرہ کرنے والے طلباء میں انعامات کا اعلان بھی کیا ۔۔