’دی کیرالا اسٹوری‘ پر بنگال میں پابندی کے خلاف عرضی پر 12مئی کو سماعت

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ متنازع فلم ‘دی کیرالہ اسٹوری’ پر مغربی بنگال میں روک لگانے کے ریاستی حکومت کے فیصلے کے خلاف فلم سازوں کی طرف سے دائر عرضی پر 12مئی کو سماعت کرے گا۔چیف جسٹس ڈی وائی چندچوڑ اور جسٹس نرسمہا کی بنچ نے آج عرضی گزاروں کی طرف سے سینئر وکیل ہریش سالوے کی اپیل قبول کرتے ہوئے عرضی پر سماعت کے لئے اپنی رضا مندی ظاہر کی۔ سالوے نے ‘خصوصی تذکرہ’ کے دوران اس معاملے پر جلد سماعت کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے بنچ کے سامنے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال حکومت کے ذریعے 8مئی کو فلم کی ریلیزپر پابندی لگائی گئی تھی۔دوسری طرف تمل ناڈو میں پابندی کا خطرہ منڈرا رہا ہے ۔بنچ نے شروعات میں کہا کہ وہ 15مئی کو فلم سے متعلق دیگر عرضیوں کے ساتھ اس معاملے کی بھی سماعت کرے گی۔ اس کے بعد مسٹر سالوے نے دلیل دیتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال کے بعد تمل ناڈو میں بھی پابندی کے خدشے کی وجہ سے روزانہ فلم سازوں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔