د23 دن میں تلنگانہ کو 1000 میٹرک ٹن آکسیجن کی سربراہی

   

14 ٹرینوں اور 375 ٹینکروں کی مدد سے کارنامہ ۔ انتہائی کم وقت میں سپلائی
حیدرآباد۔ انڈین ریلویز کی جانب سے تلنگانہ کو اب تک جملہ 375 ٹینکروں کے ذریعہ 1000 میٹرک ٹن آکسیجن فراہم کی گئی ہے ۔ ریلویز نے بتایا کہ زائد از 14 آکسیجن ایکسپریس ٹرینوں نے اب تک اپنا سفر مکمل کرتے ہوئے یہ آکسیجن فراہم کی ہے ۔ انڈین ریلویز کی جانب سے کورونا بحران کے دوران آکسیجن کی قلت کو دور کرنے مختلف ریاستوں میں یہ ٹرینیں چلائی گئیں اور ان کیلئے گرین کاریڈار قائم کیا گیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ انڈین ریلویز کی جانب سے اب تک جملہ 14 ٹرینوں کے ذریعہ 375 ٹینکروں کے ذریعہ تلنگانہ کو جملہ 1000 میٹرک ٹن آکسیجن فراہم کی گئی ہے ۔ یہ کام محض 23 دنوں میں کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ انڈین ریلویز کی جانب سے آج کی تاریخ تک صنعت نگر گڈس شیڈس تک جملہ 1194 میٹرک ٹن آکسیجن پہونچا دی گئی ہے ۔ ریلویز نے اس کام کیلئے جملہ 14 ٹرینیں چلائی ہیں۔ ان میں ٹینکرس اور ٹرکس دونوں کو منتقل کیا گیا تھا تاکہ آکسیجن تلنگانہ تک پہونچائی جاسکے ۔ تلنگانہ کیلئے آکسیجن ایکسپریس ٹرینوں کا مشرقی اور مغربی ہندوستان کی ریاستوں سے آغاز کیا گیا تھا ۔ ان کے ذریعہ جھارکھنڈ ‘ اوڈیشہ اور گجرات سے آکسیجن منتقل کی گئی تھی ۔ جملہ 10 ٹرینیں اوڈیشہ سے چلائی گئیں جبکہ جھارکھنڈ اور گجرات سے دو دو ٹرینیں چلائی گئیں۔ کہا گیا ہے کہ ریلویز کی جانب سے ریاستوں کو آکسیجن کی بروقت سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے گرین کاریڈارس بنائے گئے ہیں اور ان کے ذریعہ کسی رکاوٹ کے بغیر آکسیجن کی منتقلی کی جا رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ آکسیجن سپلائی کو کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رکھنے کیلئے مختلف ٹیمیں سرگرم کردی گئی ہیں۔ ان ٹرینوں کے سفر کے دورانیہ کو کم کرنے کیلئے بھی مختلف اقدامات کئے گئے ہیں۔ جنرل مینیجر ساوتھ سنٹرل ریلوے گجانن مالیا نے زائد از 1000 میٹرک ٹن آکسیجن تلنگانہ کو منتقل کرنے میں سرگرم رول ادا کرنے والے اپنے زون کے عہدیداروں اور عملہ کی ستائش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان ٹرینوں کو حالات کی نزاکت کو پیش نظر رکھتے ہوئے چلایا گیا ہے اور کم سے کم وقت میں آکسیجن کی سپلائی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے متعلقہ ٹیموں کو مشورہ دیا کہ وہ صورتحال کے بہتر ہونے تک اسی جذبہ اور سنجیدگی کے ساتھ کام کرتے رہیں۔