ذاتی طیارہ و ذاتی چینلس کے ساتھ کے سی آر کی قومی سیاست میں لینڈنگ!

   


9 ڈسمبر کو دہلی میں ہم خیال جماعتوں کے ساتھ جلسہ عام ، بی آر ایس کا گلابی پرچم اورکار کے ساتھ آغاز
حیدرآباد ۔ 3اکٹوبر ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے قومی سیاست میں دھماکہ دار داخلہ لینے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں پارٹی کے نام ، جھنڈے اور ایجنڈے کی بڑے پیمانے پر تشہیر کیلئے ہندی اور انگریزی میں دو قومی ٹیلی ویژن چینلس شروع کرنے کی تیاریاں بھی آخری مراحل میں پہنچ چکی ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر 5 اکٹوبر کو نئی قومی جماعت کا اعلان کریں گے ۔ اس کیلئے 1.19 بجے کا مہورت مختص کیا گیا ہے ۔ چندر شیکھرر اؤ نے چہارشنبہ کو 11بجے دن تلنگانہ بھون میں ٹی آر ایس پارٹی کا جنرل باڈی اجلاس منعقد کیا ہے ۔ تاہم آج ہی سنٹرل الیکشن کمیشن نے اسمبلی حلقہ منگوڑ کے ضمنی انتخاب کیلئے شیڈول جاری کیا جس کے بعد اجلاس کے تعلق سے جو قیاس آرائیاں جاری تھی چیف منسٹر نے ان کو مسترد کرتے ہوئے 5 اکٹوبر کے اجلاس کو جوں کا توں منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد پارٹی کے قائدین حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے وزراء ٹی سرینواس یادو اور محمد محمود علی نے ضلع حیدرآباد ٹی آر ایس قائدین کا ایک ہنگامی اجلاس رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ کی قیادت میں تلنگانہ بھون میں منعقد کیا ہے جس میں ارکان اسمبلی ، ارکان کونسل کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ہے ۔ اس اجلاس میں طئے پایا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے نئی قومی پارٹی تشکیل دینے کے بعد جی ایچ ایم سی کے تمام ڈیویژنس میں بڑے پیمانے پر آتشبازی کرکے عوام میں مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے جب تلنگانہ کی تحریک شروع کی تھی تو تب انہوں نے ایک ٹیلی ویژن چیانل کے ساتھ تلگو اور انگریزی اخبار شروع کیا تھا کیونکہ اس وقت متحدہ آندھراپردیش میں جہاں ایک طرف سرکاری سطح پر تلنگانہ تحریک کو کچلنے کی کوشش کی جارہی تھی تو دوسری طرف آندھرائی میڈیا تلنگانہ تحریک کے خلاف غلط پروپگنڈہ کررہا تھا ۔ اس کا جواب دینے کے سی آر کو ان کے میڈیا ہاؤزس نے مدد کی تھی ۔ اس طرح کے سی آر نے قومی پارٹی کو ملک کی مختلف ریاستوں میں پھیلانے دو قومی چینلس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر اپنے دہلی دورہ کے دوران سینئر صحافیوں سے اس پر تبادلہ خیال کرچکے ہیں ۔ فی الحال پارٹی قائدین دہلی میں قیام کرکے سینئر صحافیوں سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں ۔ نئے چینلس کیلئے سیٹلائیٹ منظوری حاصل کی جارہی ہے یا جن چینلس نے منظوری حاصل کی ہے ان سے معاہدہ کیا جارہا ہے اور اس کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ دہلی میں تلنگانہ بھون تعمیر ہورہا ہے ۔ اس بھون میں دو قومی چینلس قائم کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ فی الحال ٹی ٹیوز نیٹ ورک کو ملک کی تمام ریاستوں میں توسیع دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ٹی آر ایس ذرائع سے پتہ چلا کہ چیف منسٹر نے ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کرنے کا قطعی فیصلہ کرلیا ہے ۔ اس کے علاوہ دوسرے چند نام بھی زیر غور ہیں ۔ نئی قومی پارٹی کے پرچم کا رنگ بھی گلابی ہوگا اور پارٹی کا انتخابی نشان کار ہوگا ۔ جھنڈے کے اندر تلنگانہ کے بجائے ملک کا نقشہ ہوگا ۔ سنٹرل الیکشن کمیشن اور ماہرین قانون سے مشاورت کے بعد ہی کے سی آر نے قومی پارٹی تشکیل دینے قدم بڑھائے ہیں ۔ نئی قومی پارٹی تشکیل دینے کے دوران تمام تکنیکی مسائل کو دور کیا جارہا ہے ۔ نئی قومی پارٹی تشکیل دینے جن سنگھ ، انا ڈی ایم کے ، ٹی ایم سی نے جن پالیسیوں کو اپنایا تھا انہی پالیسیوں پر عمل کیا جارہا ہے ۔ 9 ڈسمبر کو دہلی میں منعقد جلسہ عام میں ہم خیال جماعتوں کے قائدین کو مدعو کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ کے سی آر راست طور پر ان قائدین کو مدعو کریں گے یا پارٹی قائدین کے ایک وفد کو مختلف جماعتوں کو مدعو کرنے کیلئے روانہ کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر نے قومی پارٹی کی تشہیر کرنے کیلئے ایک چارٹرڈ طیارہ خریدنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں بھی مشاورت جاری ہے اور طیارہ خریدنے کیلئے پارٹی کے قائدین سے عطیات وصول کئے جارہے ہیں ۔ ن