ذاتی مفادات کے حامل افراد انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں :محبوبہ مفتی

   

سرینگر: جموں وکشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے اتوار کو کہاکہ اننت ناگ سیٹ پرالیکشن کی تاریخ بدلنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہاکہ بارش مہینوں جاری رہی تو الیکشن نہیں ہوں گے ؟ان باتوں کا اظہار محبوبہ مفتی نے کولگام میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست پر الیکشن ملتوی کرانے کے حوالے سے کوششیں کی جارہی ہیں۔ محبوبہ مفتی نے کہاکہ یہ صرف بہانے ہیں جب انہوں نے لوگوں کا سیلاب دیکھا تو وہ ڈر گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کسی ایک شخص یا پارٹی کے کہنے پر الیکشن عمل کو خراب نہ کیا جائے ۔پی ڈی پی صدر نے کہاکہ پورے ملک میں الیکشن ہو رہے ہیں اس دوران متعدد مقامات پر موسم ناخوشگوار ہے تو اس کا مطلب ہیکہ جہاں پر موسم خراب ہے وہاں الیکشن کو ملتوی کیا جائے ۔محبوبہ مفتی نے مطالبہ کیا کہ اننت ناگ۔راجوری سیٹ کیلئے انتخابات شیڈول کے مطابق ہونے چاہئیں اور اس میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے ۔انہوں نے انتخابات کو ملتوی کرنے کیلئے بعض افراد کی جانب سے استعمال کیے جانے والے خفیہ ہتھکنڈوں پر تشویش کا اظہار کیا لیکن اس بات پر زور دیا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابی عمل کی ساکھ کو برقرار رکھنا چاہیے ۔