اسکیمات اور پراجکٹس کے بارے میں بی آر ایس پر دوہرے میعار کا الزام
حیدرآباد۔/16 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام ایم ایل سی نے ریاست میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ کمزور طبقات کو فلاحی اسکیمات میں موثر حصہ داری میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی سی طبقات کی جانب سے تحفظات میں اضافہ کا طویل عرصہ سے مطالبہ کیا جارہا ہے۔ مردم شماری کی بنیاد پر مجالس مقامی کے انتخابات میں بی سی تحفظات کا تعین کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کی بنیاد پر بی سی طبقات سے انصاف کیا جاسکتا ہے۔ کودنڈا رام نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں کیا گیا جامع سروے آج تک ایک راز ہے۔ حکومت کی جانب سے سروے کی تفصیلات آج تک جاری نہیں کی گئیں۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں جن اسکیمات اور پراجکٹس کا آغاز کیا گیا تھا آج انہیں اسکیمات اور پراجکٹس کی بی آر ایس قائدین مخالفت کررہے ہیں۔ اس سلسلہ میں انہوں نے موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کا حوالہ دیا اور کہا کہ کئی ایسے پراجکٹس ہیں جن کے بارے میں بی آر ایس نے دوہرا معیار اختیار کیا ہے۔ کودنڈا رام نے کہا کہ سابق حکومت نے بھاری قرض حاصل کرنے پر توجہ دی لیکن اقامتی اسکولوں کی عمارتوں کے کرایہ جات ادا نہیں کئے گئے۔ آروگیہ شری، طلبہ کی فیس ری ایمبرسمنٹ اور سرکاری ملازمین کیلئے ڈی اے کی اقساط سابق حکومت کے دور سے زیر التواء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کے ذریعہ غریبوں کی بازآبادکاری پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جنا سمیتی ترقیاتی پراجکٹس میں حکومت کی تائید کرے گی۔1