پسماندہ طبقات کی حقیقی ہمدرد صرف کانگریس پارٹی، ریاستی وزیر پونم پربھاکر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/31 جنوری، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر بہبودی پسماندہ طبقات پونم پربھاکر نے دعویٰ کیا ہے کہ کانگریس پارٹی نے مرکز میں برسراقتدار آنے پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کا وعدہ کیا ہے اور پسماندہ طبقات کی حقیقی ہمدرد صرف کانگریس پارٹی ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ راہول گاندھی نے بارہا اس بات کو دہرایا ہے کہ کانگریس قومی سطح پر ذات پات کی مردم شماری کے ذریعہ کمزور طبقات کو انصاف فراہم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی نے انتخابی منشور میں مردم شماری کا وعدہ کیا تھا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محکمہ کے جائزہ اجلاس میں بی سی طبقات کی مردم شماری پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے تلنگانہ سطح پر مردم شماری کا اعلان کیا ہے اور آئندہ اسمبلی اجلاس میں اس مسئلہ پر مباحث ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے حق میں اسمبلی میں قرارداد منظور کرے گی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ کانگریس پارٹی حقیقی معنوں میں پسماندہ طبقات کی ہمدرد ہے اور ملک میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کے وعدہ کو پورا کرے گی۔ پربھاکر نے کہا کہ مردم شماری کے سلسلہ میں پروفیسرس، دانشوروں اور بی سی تنظیموں سے تجاویز حاصل کی جائیں گی۔ چیف منسٹر نے مردم شماری کیلئے درکار فنڈز جاری کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مداخلت کے بغیر سائینٹفک بنیادوں پر مردم شماری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدہ کی تکمیل کا فیصلہ کیا ہے۔ بی آر ایس نے گذشتہ 9 برسوں میں پسماندہ اور دیگر طبقات کو فراموش کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہاسٹلس میں میس چارجس میں اضافہ اور یونیورسٹیز کے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے تقررات میں حکومت سنجیدہ ہے۔پونم پربھاکر نے بی آر ایس رکن کونسل کویتا کو مشورہ دیا کہ وہ کانگریس حکومت کے خلاف بیان بازی سے احتیاط کریں، دس برسوں تک انہیں اسمبلی کے احاطہ میں جیوتی راؤ پھولے کے مجسمہ کا خیال نہیں آیا اور آج کانگریس حکومت سے یہ مطالبہ کررہی ہیں۔1