شمارکنندگان اور عہدیداروں کے ساتھ مئیر جی ایچ ایم سی کی مختلف علاقوں کے مکینوں سے ملاقات
حیدرآباد۔22۔نومبر(سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے ریاست میں کروائے جانے والے ذات پات کے سروے میں آج مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد محترمہ جی وجیہ لکشمی نے حصہ لیتے ہوئے شمارکنندگان اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ مختلف علاقوں کے مکینوں سے ملاقات کی ۔ مئیر جی ایچ ایم سی محترمہ جی وجیہ لکشمی نے بتایا کہ بلدی حدود میں جاری سروے کے کام کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا پتہ چلا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں سروے کا کام 63 فیصد مکمل ہوچکا ہے اور مابقی کاموں کو جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔مئیر جی ایچ ایم سی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے سروے کے متعلق بعض گوشوں سے بدگمانیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جار ہی تھیں لیکن عوام نے اپوزیشن کے اس حربہ کو مسترد کردیا اور سروے میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کروائے جانے والے سروے پر عوام کو کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ شمار کنندگان اور سروے کا حصہ عہدیداروں سے بات چیت کے بعد وہ سروے کی رفتار سے مطمئن ہیں اور انہیں امیدہے کہ معینہ وقت میں اس عمل کو مکمل کرلیا جائے گا۔3