ذات پات کی مردم شماری ‘تلنگانہ ملک کیلئے رول ماڈل: راہول گاندھی

   

ریزرویشن پر 50 فیصد حد کو ختم کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد۔یکم؍ مئی، ( سیاست نیوز) قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے تلنکگانہ کو ذات پات پر مبنی مردم شماری کرانے کے معاملہ میں ملک کیلئے رول ماڈل قرار دیا ہے۔ دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے ریاست تلنگانہ میں کرائے گئے شفاف اور تفصیلی مردم شماری کے طریقہ کار کی ستائش کی اور اس طریقہ کار کو ملک بھر میں اپنانے کا مرکزی حکومت کو مشورہ دیا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس کا نعرہ ہے جس کی جتنی آبادی اس کی اتنی حصہ داری۔ تلنگانہ میں کرائی گئی مردم شماری سے پتہ چل گیا ہے کہ بڑے صنعتکاروں میں پسماندہ طبقات کی ایک فیصد بھی نہیں بلکہ صرف معمولی نمائندگی ہے مردم شماری سے اس کا انکشاف ہوا ہے۔ مردم شماری ترقی اور فلاح و بہبود میں معاون ہو مددگار ثابت ہوگی۔ کانگریس کے قائد اپوزیشن نے کہا کہ ملک کی دو ریاستوں میں ذات پات کی مردم شماری ہوئی ہے۔ بہار کے ماڈل کے مقابلہ میں تلنگانہ کا ماڈل بہت زیادہ موثر ہے۔ تلنگانہ میں سائینٹفک طریقہ سے ذات پات کی مردم شماری کی گئی۔ مستقبل میں اُٹھتے ہوئے تمام سوالات کو مد نظر رکھتے ہوئے مختلف پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے مردم شماری کی گئی ہے اس لئے انہوں نے مرکز کے فیصلہ کا خیرمقدم کرکے تلنگانہ کے ماڈل کو اپناکر ملک گیر سطح پر ذات پات پر مبنی مردم شماری پر زور دیا تاکہ سماجی و اقتصادی عدم مساوات کو دور کیا جاسکے۔ راہول گاندھی نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ اپنے بجٹ میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کیلئے فنڈس مختص کرے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ریزرویشن پر 50 فیصد کی حد کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔2