ذات پات کے سروے کا سوال بہار کی توہین کے مترادف:سمراٹ

   

پٹنہ: بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے سابق ریاستی صدر سمراٹ چودھری نے کہا کہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی بہار قانون ساز اسمبلی میں متفقہ قرارداد کے مطابق کرائے گئے ذات کے سروے پر سوال اٹھا کر بہار کی توہین کر رہے ہیں۔ چودھری نے چہارشنبہ کو کہا کہ آئین کی جعلی کاپی لے کر گھومنے سے آئین کی حفاظت نہیں کی جا سکتی۔ گاندھی کو بتانا چاہئے کہ کانگریس نے اپنے 60 سال کے دور حکومت میں ذات پات کی مردم شماری کیوں نہیں کرائی۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے ذات پات کے سروے پر تبصرہ کرنے سے پہلے گاندھی کو یہ بتانا چاہئے کہ کرناٹک حکومت نے 2016 میں 160 کروڑ روپے خرچ کر کے کرائی گئی ذات پات کی مردم شماری کو آٹھ سال گزرنے کے بعد بھی کیوں جاری نہیں کیا گیا۔ کانگریس ہماچل پردیش میں ذات پات کی مردم شماری کب کرائے گی؟ کانگریس تلنگانہ میں ذات پات کے سروے کو کیوں نافذ نہیں کرسکی؟