دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس کا انتخابی منشور جاری، پہلے معلنہ پانچ گیارنٹیاں شامل
نئی دہلی: کانگریس نے آج دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے اپنا انتخابی منشور جاری کیا اور دہلی کے لوگوں سے وعدہ کیا کہ اگر وہ اقتدار میں آتی ہے تو وہ ذات پر مبنی سروے کر کے غریبوں کی بہتری کیلئے کام کرے گی اور چھ ماہ کے اندر ایک مضبوط لوک پال بل پاس کرائے گی ۔دہلی پردیش کانگریس ہیڈکوارٹر میں پارٹی کامنشور جاری کرتے ہوئے کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کہا کہ ہم چاہتے تھے کہ عوام تک یہ پیغام پہنچے کہ کانگریس وہی کرتی ہے جو وہ کہتی ہے ۔ یہ گارنٹی صرف پارٹی کی نہیں، عوام کا حق ہے ۔ کانگریس نے دہلی کیلئے اپنی پانچ گیارنٹیاں بہت پہلے دی ہیں، جو پوری ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی حکومت نے سب سے پہلے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گیارنٹی ایکٹ کو لاگو کیا۔دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ ہم نے دہلی کے لوگوں کے مسائل سن کر اپنا منشور تیار کیا ہے ۔ منشور میں ہم نے دہلی کے لوگوں کے مسائل اور ضروریات کو شامل کیا ہے ۔ دہلی کے نوجوانوں، خواتین، بزرگوں، دلتوں اور سماج کے محروم لوگوں کی کیا ضرورتیں ہیں، وہ سب اس میں شامل ہیں۔ کانگریس نے پیاری دیدی اسکیم کا اعلان کیا ہے ، جس کے تحت ہر غریب خاندان کی ایک خاتون کو ہر ماہ 2500 روپے دیے جائیں گے ، جیون رکھشا یوجنا، جس کے تحت دہلی کے تمام رہائشیوں کو 25 لاکھ روپے کا ہیلتھ انشورنس فراہم کیا جائے گا۔ 25لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت ۔ نوجوان پرواز اسکیم، جس کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو سرکاری یا نجی شعبے کے اداروں میں ایک سال کی اپرنٹس شپ دی جائے گی، جس کے دوران انہیں 8500 روپے ماہانہ ملیں گے ۔ اس اسکیم کے تحت مفت راشن کٹ بشمول ایل پی جی سلنڈر 500 روپے میں، 02 کلو چینی، ایک کلو کوکنگ آئل، 6 کلو دال، 250 گرام چائے کی پتی ہر ماہ اور مفت بجلی اسکیم، جس کے تحت تمام اہل خاندانوں کو مفت بجلی فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے ۔ 300 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے جیسی پانچ گیارنٹیاں کا اعلان کیا گیا۔ کانگریس نے اپنے منشور میں ریاستی سرکاری ملازمتوں میں خواتین کیلئے 33 فیصد ریزرویشن، سستا اور غذائیت بخش کھانا فراہم کرنے کیلئے 100 اندرا کینٹین قائم کرنے ، ذات پر مبنی سروے کرانے اور دیگر پسماندہ طبقات کو مختلف سرکاری اداروں میں تناسب سے نشستیں دینے کا وعدہ کیا ہے ۔